Live Updates

تحریک انصاف کا اقتدار میں آنے کے بعد اب تک کا سب سے بڑا فیصلہ

آئندہ 20 روز میں پنجاب کے 14 محکموں میں اصلاحات کی جائیں گی، سیاحت، لیبر، زراعت اور مقامی حکومتیں کے محکمے بھی شامل

muhammad ali محمد علی پیر 22 اکتوبر 2018 21:34

تحریک انصاف کا اقتدار میں آنے کے بعد اب تک کا سب سے بڑا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2018ء) تحریک انصاف کا اقتدار میں آنے کے بعد اب تک کا سب سے بڑا فیصلہ، آئندہ 20 روز میں پنجاب کے 14 محکموں میں اصلاحات کی جائیں گی، سیاحت، لیبر، زراعت اور مقامی حکومتیں کے محکمے بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب آئندہ 20 دنوں میں بنیادی شعبوں مثلا صحت، تعلیم ، لیبر اور پانی کے حوالے سے بڑے پیمانے پر اصلاحات نافذ کرنے کے لیے نئے قوانین متعارف کروانے اور موجودہ قانون اور طریقہ کار میں ترامیم کرنے والی ہے۔

 حکومت پنجاب کے ذرائع کے مطابق 14 محکموں میں اصلاحات کی جائیں گی جن میں سیاحت، لیبر، زراعت اور مقامی حکومتیں بھی شامل ہیں۔ ان محکموں کیلئے ایسے اقدامات کیے جائیں گے کہ یہ بہتر طور پر عوام کی خدمت کرسکیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پنجاب حکومت کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی 100 دن کی مدت 28 نومبر کو اختتام پذیر ہورہی ہے لیکن ہم اس سے قبل ہی اصلاحات نافذ کرنا چاہتے ہیں۔

حکومت پانی کے استعمال کے لیے نیا آبی نظام متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس نظام کے تحت آب پاشی، جنگلات اور مقامی حکومتوں کے لیے نئے قوانین لائیں جائیں جن کے تحت پانی کے استعمال کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام والدین اپنے بچوں کو اسکول میں داخل کروائیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اس کے علاوہ حکومت اساتذہ کیلیے لائسنس کا اجرا کرنا چاہتی ہے جس کے تحت ان کی قابلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا تعین کیا جائے کہ کون سا استاد کس جماعت کو تعلیم دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اسی طرح حکومت نجی اسکولوں کے لیے اتھارٹی قائم کرنے والی ہے جس میں والدین بھی شامل ہوں گے۔ یہ اتھارٹی اسکولوں کی درجہ بندی کرے گی تاکہ یہ دیکھا جائے کہ بھاری فیسیں لینے والے اسکولوں کا تعلیمی معیار کس نوعیت کا ہے۔

حکومتِ پنجاب، حکومت سندھ کی طرز پر ورکرز ویلفیئر بورڈ بنائے گی جس کے تحت صنعتوں سے پیسے وصول کرکے مزدوروں کی بہبود پر خرچ کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ تاریخ میں پہلی مرتبہ گھریلو ملازمین کے حوالے سے سخت قانون متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت خاص طور پر گھروں میں بچوں کو ملازم رکھنے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات