پاکستان اور برازیل پارلیمانی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی برازیل کے سفیرکلوڈیوگبالیہ سے ملاقات میں گفتگو

پیر 22 اکتوبر 2018 23:39

پاکستان اور برازیل پارلیمانی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برازیل پارلیمانی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے، پاکستان اور برازیل کے مابین کھیلوں کے شعبوں میں وسیع تعاون موجود ہے تاہم پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے برازیل مزید معاونت فراہم کرے گا، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فٹ بال کا کھیل بے پناہ مقبول ہے تاہم اس سلسلہ میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیل کی سرپرستی بہت ضروری ہے، بلوچستان کے شہر کوئٹہ اور گوادر میں 2 بین الاقوامی معیار کے فٹ بال سٹیڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں برازیل کے سفیرکلوڈیوگبالیہ سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالاء میں پاکستان برازیل دوستی گروپ فعال ہو چکا ہے، دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برازیل کی سینیٹ کے چیئرمین کو جلد ہی پاکستان کے دورے کی دعوت دی جائے گی۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور برازیل کے مابین سیاسی اور سماجی شعبہ میں کئی قدریں مشترک ہیں جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں ملکوں کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔ برازیل کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ ان کے ملک میں جلد صدارتی الیکشن ہو رہے ہیں جس کے بعد دونوں ملکوں کے مابین وفود کے تبادلوں سے متعلق حکمت عملی وضح کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ برازیل پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کیلئے پہلے ہی تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے اور نہ صرف لیاری میں سٹریٹ فٹ بال کیلئے کوچز فراہم کئے گئے بلکہ پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی اس کھیل کے فروغ کیلئے مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان برازیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ پارلیمانی سطح پر تعلقات کے فروغ کے ذریعے سے دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہوئے ہیں جس سے برازیل سمیت دنیا کے اہم ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ معاشی تعلقات کے فروغ سے باہمی فوائد حاصل ہوں گے اور تعاون کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔