آصف زرداری ،فضل الرحمان ملاقات ،اے پی سی بلانے کا فیصلہ

نواز شریف کے ساتھ بات ہو چکی ہے۔آیندہ ہفتے آل پارٹیزکانفرنس بلائیں گے۔آل پارٹیز کانفرنس کے لیے تاریخ کا اعلان کل کیاجائے گا۔

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 22 اکتوبر 2018 21:45

آصف زرداری ،فضل الرحمان ملاقات ،اے پی سی بلانے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-22 اکتوبر 2018ء) : سابق صدر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان میں اہم ترین ملاقات ختم ہو گئی۔حکومت کے خلاف کل جماعتی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمن ایک بار پھر اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس بنانے کے لئے سرگرم عمل ہوگئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدرآ صف علی زرداری کے درمیان ملاقات کرانے کی کوشش کر رہے ہیں جو اپوزیشن جماعتوں کے آئندہ چند دنوں میں ہونے والے اجلاس میں ہونے کا امکان ہے۔

اس سلسلے میں اہم ترین پیش رفت سامنے آئی ہے۔سابق صدر آصف زرداری مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے انکی رہائش گاہ پر پہنچ چلے ہیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نئیر بخاری اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف بھی آصف زرداری کے ہمراہ ہیں۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

اس ملاقات کے بعد دونوں رہنماوں نے میڈیا سے بات چیت کی۔اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سب دوستوں کے ساتھ مل کرعدم اعتماد کی بات کی جاسکتی ہے۔مقصد حکومت گرانا نہیں ہے بلکہ جمہوریت کوبچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے ڈیل کرنے کے لیے مشرف کا دور بہتر تھا۔گزشتہ سالوں میں پہلی بارجمہوری قوتیں کمزرورہوئی ہیں۔اختلاف کرنا بھی جمہوریت کی خوبصورتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جعلی اکثریت ہے،اسے حکومت کرنے کا حق ہی نہیں ہے۔آیندہ ہفتے آل پارٹیزکانفرنس بلائیں گے۔آل پارٹیز کانفرنس کے لیے تاریخ کا اعلان کل کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف صاحب سے بات ہو چکی ہے۔انکا کہنا تھا کہ ہم سب کا بنیادی موقف ہے کہ حکومت کو جعلی مینڈیٹ حاصل ہے۔ساری اپوزیشن مل بیٹھ کرمشترکہ لائحہ عمل طے کرے گے۔