گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورسے ریپبلک آف کوریا کے سفیر کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور دو طرفہ رتعلقات بڑھانے اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال

پیر 22 اکتوبر 2018 23:42

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورسے ریپبلک آف کوریا کے سفیر کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورسے گورنر ہائوس لاہور میں ریپبلک آف کوریا کے سفیر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور دو طرفہ رتعلقات بڑھانے اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ہزاروں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے اِس جنگ میں جو معاشی اور اقتصادی نقصان اُٹھایا ہے پوری دُنیا اِس سے بخوبی آگاہ ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور اس ضمن میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا نہیں گیا۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات میں کوئی بھی ملک تنہا آگے نہیں بڑھ سکتا ۔

اُنہوں نے کہا کہ دُنیا کی کامیاب ترین معیشتوں سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا اور ان کے تجربات سے استفادہ کرنا ہماری حکمت عملی کا اہم پہلو ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کوریا کی اقتصادی ترقی بہت سے ملکوں کے لئے بہترین مثال ہے اور پاکستان مختلف شعبوں میں کوریا کے تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔ گورنر نے کہا کہ دو سالوں کے اندر پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں کو سولر پر منتقل کردیا جائے گا۔

اس موقع پر ریپبلک آف کوریا کے سفیرنے گورنر پنجا ب کو توانائی اور تعلیم کے شعبے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کی ثقافت سے آگاہی ملے گی۔ قبل ازیں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے آج عزیز جہاں بیگم ٹرسٹ انسٹی ٹیوٹ لاہورمیں’’انٹرنیشنل وائٹ کین سیفٹی ڈے‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر اُنہوں نے مختلف کلاس رومز کادورہ کیا ، بچوں سے سوال جواب کیے اور اِن میں گھل مل گئے۔اِس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم بھی گورنر پنجاب کے ہمراہ تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خصوصی افراد کی تربیت کرنے والے اساتذہ کرام اور مخیر حضرات ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔اُنہوں نے خصوصی افراد کی بحالی کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کی کاشوں کو سراہا۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی افراد کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنیوالے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔گورنر نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق کسی بھی طرح عام شہریوں سے کم نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں خصوصی افراد کی مشکلات سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنا ہوگا۔گورنر نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کی بحالی اور انہیں مفید شہری بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔