''کوکو کورینا'' پر وفاقی وزیر شیریں مزاری کی تنقید نوک جھونک میں بدل گئی

مومنہ مستحسن نے وفاقی وزیر کی تنقید پر اعتراض کیا تو شیریں مزاری نے بھی ترکی بہ ترکی جواب دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 22 اکتوبر 2018 22:30

''کوکو کورینا'' پر وفاقی وزیر شیریں مزاری کی تنقید نوک جھونک میں بدل ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-22 اکتوبر 2018ء) : کوک اسٹوڈیو کے گانے ''کوکوکورینا'' پر ناپسندیدگی کے اظہار کرنے پر وفاقی وزیر شیریں مزاری اور مومنہ مستحسن میں دلچسپ لڑائی چھڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار مومنہ مستحسن اور انکے ساتھ نووارد گلوکار احد رضا میر کی آواز میں کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں ان کا ڈیبیو گانا ’کوکو کورینا‘ ریلیز کیا گیا جس میں انہوں نے گلوکارہ مومنا مستحسن کے ساتھ گلوکاری کی۔

’کوکو کورینا‘ لیجینڈری چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر فلمایا گیا احمد رشدی کا گانا ہے جو آج تک مقبول ہے۔کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں اس گانے کا ریمیک پیش کیا گیا جو مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگیا۔شائقین نے جہاں احد رضا میر کی گلوکاری کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا وہیں سب نے مل کر کوک اسٹوڈیو سیزن 11 کے پروڈیوسرز زوہیب قاضی اور علی حمزہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے سخت غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ خوفناک! ایک عظیم کلاسک کو تباہ کر دیا۔کوک اسٹوڈیو نے اس کلاسک گانے کے اس طرح سے قتل عام کی اجازت آخر کیوں دی؟
اس پر مومنہ مستحسن اور شیریں مزاری میں بحث چھڑ گئی۔
اس پر مومنہ مستحسن کا کہنا تھا کہ ہم آپکے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر معذرت خواہ ہیں۔

ہمارے حوالے سے رائے دینا آپکا حق ہے لیکن بطور وزیر آپکو چاہیے کہ آپ کوک اسٹوڈیو کی تعریف کریں کہ انہوں نے ہمیں ہماری رائے کے اظہار کا موقع دیا چاہے وہ خوفناک ہی کیوں نہ ہو۔
اس پر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ یہ میری ذاتی رائے ہے جو دینے کا مجھے حق حاصل ہے بالخصوص اگر وہ غیر سیاسی معاملہ ہو۔انہوں نے مومنہ مستحسن کو پوچھا کہ وہ اس معاملے میں وزارت کو کیوں لے کے آئیں۔

اس پر مومنہ مستحسن نے کہا کہ جب آپ وزارت رکھتی ہیں تو یہ معاملہ سیاست تک محدود نہیں ہے۔آپ ہم سب کی نمائندہ ہیں نہ صرف اپنی ذات اور پاکستان تحریک انصاف کی۔
اس بات پر وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا کہ کسی گانے کو پسند کرنا یا نا پسند کرنا میری ذاتی رائے ہیں ،اسکا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے گانا پسند نہیں آیا بس بات ختم ہو گئی۔