پاکستان آئی ایم ایف کے پاس انتہائی مجبوری میں جا رہا ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل

پیر 22 اکتوبر 2018 23:53

پاکستان آئی ایم ایف کے پاس انتہائی مجبوری میں جا رہا ہے۔ گورنر سندھ ..
سکھر ۔ 21اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پاس انتہائی مجبوری میں جارہا ہے، کیوںکہ قرضوں کی اقساط دینے کے لئے پیسے نہیں اور وہ ادا کرنے ہیں اس کے باوجود پاکستان کا کاروبار زندگی معطل نہیں ہو رہا اور کسی بھی چیز میں کمی نہیں آرہی۔ سکھر میں نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام فارم رجسٹریشن مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے مزید کہا کہ مہنگے قرضے لیکر ووٹ بینک بچانے کی خاطر کسی بھی چیز پر سبسڈی نہیں دے سکتے، گیس کے نرخ بڑھانے سے کم آمدنی والوں پر زیادہ بار نہیں پڑے گا، صنعتی اداروں کے لئے گیس کے نرخ بڑھائے گئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی یونیورسٹی خیرپور میں فارمیسی شعبہ سمیت دیگر یونیورسٹیوں میں بھی رجسٹریشن کے معاملات ہیں جو کہ فوری طور پر وزارت صحت و تعلیم سے بات چیت کے ذریعے حل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دو ماہ رجسٹریشن کے مرحلے کے بعد سکھر کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے گھروں کی تعداد کا تعین کیا جائے گا۔ صوبائی حکومتوں و مقامی انتظامیہ سمیت متعلقہ محکموں کو عوام کے پیسوں سے شروع ہونے والی ہر اسکیم میں مل کر کام کرنا چاہئے، عوام ہائوسنگ پروگرام میں بھرپور حصہ لیں۔