شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں’’ لیبارٹری میں احتیاطی تدابیر ‘‘کے عنوان پر ورکشاپ کا انعقاد

پیر 22 اکتوبر 2018 23:55

سکھر ۔ 22اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکے انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کے زیرِ اہتمام کیمیکل سوسائٹی آف پاکستان (سی ایس پی) کے اشتراک سے لیبارٹری میں احتیاطی تدابیر کے عنوان پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔ جس کی صدارت یونیورسٹی کے قائم مقام وائیس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک نے کی ۔

جبکہ ورکشاپ کے ریسورس پرسن میں ورجینیا یونیورسٹی رچ مونڈ یو امریکہ کے پروفیسر ڈاکٹر ماسیمو برٹینو اور سی ایس پی کے جنرل سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ اور سعید زمان صدیقی شامل تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر یوسف خشک نے صدارتی خاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیمیکلز کا حیاتیات میں بڑا اہم کردار ہے البتہ ان میں کچھ کیمیکلز فائدے مند بھی ہیں اور نقصان دہ بھی ہیں۔

(جاری ہے)

اس قسم کی ورکشاپ کے انعقاد سے یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور محققین کو لیبارٹری میں کیمیکلز کی احتیاط کے متعلق آگاہی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے تعاون سے یونیورسٹی میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کیمیکل لیبارٹری قائم کی جائے گی۔ اس موقع پر فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر میر منصف علی تالپر نے کہا کہ ورکشاپ علم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کیلئے اہم ہوتے ہیں۔

جبکہ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری میں اس قسم کے ورکشاپ کے انعقاد سے کیمیکل لیبارٹیرز میں احتیاطی تدابیر اور فوائد اور نقصانات کے بارے میں آگاہی مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کا یونیورسٹی میں تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کے انعقاد میں بہت اہم کردار ہے۔ اس موقع پر انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شفیق احمد آرائیں نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسٹیٹیوٹ نے تھوڑے ہی عرصے میں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات اور محققین کیلئے دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق مختلف موضوعات پر پروگرام منعقد کیئے ہیں جس کا کریڈٹ وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کو جاتا ہے۔

اس سے قبل ورکشاپ کی آرگنائزنگ سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر تجنیس پیرزادہ نے ورکشاپ کے انعقاد کے اغراض و مقاصد کے متعلق آگادی دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ چوتھے ورکشاپ کا انعقاد کررہے ہیں جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کے انعقاد سے طلبہ و طالبات کو علم و تحقیق کے نئے رجحانات کے بارے میں آگاہی حاصل ہوگی۔ ورکشاپ میں تمام فیکلٹیوں کے ڈین ، اساتذہ، محققین و دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔