بیکن ہائوس ایبٹ آباد کے جی کیمپس میں یوم والدین کی شاندار اور رنگا رنگ تقریب

مہمان خصوصی میڈم ستارہ فرید اور مہوش شوکت نے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹ اور میڈل تقسیم کئے

منگل 23 اکتوبر 2018 00:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) بیکن ہائوس ایبٹ آباد کے جی کیمپس میں یوم والدین کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں والدین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی، نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ذرائع کے مطابق بیکن ہائوس کے جی کیمپس کا شمار ایبٹ آباد میں بیکن ہائوس سکول کے اہم ترین اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیمپسز میں ہوتا ہے۔

سکول کی پرنسپل میڈم عائشہ اویس کی شبانہ روز محنت کی وجہ سے اس سکول کا معیار سب سے آگے ہے۔ جمعہ کی شام سکول کے سبزہ زار پر ایک پروقار رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کے والدین نے بھی بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی میڈم ستارہ فرید اور مہوش شوکت نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹ اور میڈل تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ہائوسز الیکشن میں منتخب ہونے والے سکول کے بچوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول کی پرنسپل میڈم عائشہ اویس نے امر پر زور دیا کہ صرف کتابیں پڑھانے سے بچوں کی مکمل تربیت کرنا اور ان کو ایک فعال شہری بنانا ممکن نہیں، بحیثیت استاد ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم بچوں کو ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کریں تاکہ ان کی خفیہ صلاحیتیں بیدار ہو سکیں، اگر لگن اور خواہش ہو تو انسان ناممکن کو بھی ممکن بنا سکتا ہے، ہمارے ادارہ میں بچوں کی نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے، سکول میں بچوں کی کردارسازی اور ان کو دور حاضرکے نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کیا جاتا ہے۔