Live Updates

انوار الحق نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

عہدہ سنبھالتے ہی چیف جسٹس انوار الحق کا پروٹوکول لینے سے انکار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اکتوبر 2018 10:59

انوار الحق نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2018ء) : جسٹس انوار الحق نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اُٹھاتے ہی جسٹس انوار الحق نے پروٹوکول اور چیف جسٹس کی سکیورٹی لینے سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ انوار الحق کا کہنا تھا کہ میں کسی قسم کا پروٹوکول نہیں لوں گا اور نہ ہی میرے لیے سڑکوں پر کسی قسم کا سکویرٹی رُوٹ لگایا جائے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی موجودگی میں آئی جی پنجاب کو اس حوالے سے ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ آج جسٹس انوار الحق نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔ جسٹس انوار الحق کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس پنجاب میں ہوئی۔

(جاری ہے)

جہاں گورنر پنجاب چودھری سرور نے ان سے حلف لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور لاہور ہائیکورٹ کے جج صاحبان بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔ یاد رہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد یاور علی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو گئے ہیں۔ جس کے بعد گذشتہ روز صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس انوار الحق کو لاہور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد اعلیٰ شخصیات کی سکیورٹی اور ان کے پروٹوکول میں بھی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

ملک میں اعلیٰ شخصیات بغیر پروٹوکول سڑکوں پر گھومتی ہیں اسی کو دیکھتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس انوار الحق نے بھی پروٹوکول یا سکیورٹی لینے سے انکار کر دیا ہے اور اس حوالے سے اپنی تقریب حلف برداری میں آئی جی پنجاب کو بھی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ نہ تو انہیں پروٹوکول دیا جائے اور نہ ہی ان کے لیے کوئی رُوٹ لگایا جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات