Live Updates

پی ٹی آئی کی مدد سے الیکشن جیتنے والے چوہدری حسین الہیٰ حکومت پر برس پڑے

ہم تحریک انصاف کو موقع دے رہے ہیں لیکن حکومت نہیں جانتی کہ لوگوں کے مسائل اور ان کا حل کیا ہے۔اگر عوام کی برداشت کی حد ختم ہو گئی تو سب سے پہلے میں پی ٹی آئی کے خلاف آواز اٹھاؤں گا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 23 اکتوبر 2018 11:12

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور چوہدری شجاعت حسین کے بھتیجے چوہدری حسین الہٰی نے بھی وزیراعظم  عمران خان کے خلاف بولنا شروع کر دیا۔اسی حوالے سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی میں جس میں چوہدری حسین کہتے ہیں کہ میں پی ٹی آئی کو موقع دینا چاہتا ہوں لیکن جو مجھے نظر آ رہا ہے یہ بھی حقیقت کو نہیں جان رہے۔

یہ بھی نہیں دیکھ رہے کہ ہماری عوام کے کیا مسائل ہیں۔اور نہ یہ دیکھ رہے ہیں کہ لوگوں کے مسائل حل کس طرح کرنے ہیں۔اور یہ بات میں چوہدری پرویز الہیٰ کو بھی کہہ چکا ہوں کہ ہم پی ٹی آئی کو موقع دیں گے لیکن اگر عوام کی برداشت کی حد ختم ہو گئی تو سب سے پہلے میں ان کے خلاف کھڑا ہو کر آواز اٹھاؤں گا۔گذشتہ روز یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ چوہدری برادران اپنے دونوں فرزندوں کو وزارتیں دلوانے کے لیے یا حکومت میں کوئی اہم عہدہ دلوانے کے لئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔یہ ملاقات جہانگیر ترین کی لاہور میں رہائش گاہ پر ہوئی۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ شریف برادران نے جہانگیر ترین سے کہا ہے کہ وہ ان کے بیٹوں کو وزاتیں دی جائیں۔ جس پر جہانگیر ترین نے چوہدری برادران سے وعدہ کیا ہے کہ وہ ان کے مطالبات جلد ہی وزیراعظم عمران خان تک پہنچائیں گے۔واضح رہے این اے 68سے چوہدری شجاعت حسین کے بھتیجے چوہدری وجاہت حسین کے صاحبزادے چوہدری حسین الہیٰ ایم این اے منتخب ہوئے۔چوہدری حسین الہیٰ نے سب سے کم عمر رکن قومی اسمبلی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات