قائداعظم ون ڈے کرکٹ ٹرافی کا ساتواں مرحلہ کل کھیلا جائے گا

منگل 23 اکتوبر 2018 12:02

قائداعظم ون ڈے کرکٹ ٹرافی کا ساتواں مرحلہ کل کھیلا جائے گا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری قائداعظم ون ڈے کرکٹ ٹرافی کا ساتواں مرحلہ کل بدھ کوکھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گروپ اے میں قدافی سٹیڈیم لاہورمیں لاہور وائٹس کا مقابلہ اسلام آباد سے ہوگا۔ ایبٹ آباد سٹیڈیم میں فاٹا اور پشاور کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ کے آر ایل سٹیڈیم راولپنڈی میں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز اور کے آر ایل کی ٹیم آمنے سامنے ہونگی۔ گروپ بی میں ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں کراچی وائٹس اور لاہور بلیو کی ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا۔ پنڈی سٹیڈیم میں راولپنڈی اور ملتان کی ٹیموں کا ٹکرائو ہوگا۔

(جاری ہے)

مرغزار گرائونڈ اسلام آباد میں پی ٹی وی اور پاکستان واپڈا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں زرعی ترقیاتی بینک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان شکیل خان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے گروپ اے میں لاہور وائٹس، سوئی نادرن گیس پائپ لائینز، پشاور، کہوٹہ ریسرچ لیبارٹریز(کے آر ایل)، اسلام آباد، حبیب بینک، فاٹا اور نیشنل بینک آف پاکستان جبکہ گروپ بی میں کراچی وائٹس، پاکستان واپڈا، راولپنڈی، سوئی سدرن گیس پائپ لائنز، ملتان، پی ٹی وی، لاہور بلیو اور زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مرحلہ 27 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ سیمی فائنل مرحلہ یکم نومبر سے جبکہ فائنل میچ 4 نومبر کو کھیلا جائے گا۔