مقبوضہ کشمیر: گیلانی ،میرواعظ اور ملک کا شہداء بجبہاڑہ کو شاندار خراج عقیدت

بھارتی حکومت نے کشمیر میں قتل عام کے مجرموں کو سزادینے کے بجائے ہمیشہ بچایاہے

منگل 23 اکتوبر 2018 12:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک نے شہداء بجبہاڑہ کو ان کے 25ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 22اکتوبر 1993ء کو ضلع اسلام آباد کے قصبے بجبہاڑہ میں احتجاجی مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 50نہتے شہریوں کو شہید اور 200سے زائد کو زخمی کردیا تھا۔

مظاہرین بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں سرینگر میں درگاہ حصرتبل کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان مین کہا کہ شہید ہونے والوں میں سکول جانے والے 25طالب علم بھی شامل تھے جنہیں اسی پارک میں ایک مشترکہ قبر میں دفن کیا گیاجس میں وہ ایک روز پہلے کھیل رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کولگام میں قتل عام پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

میرواعظ عمرفاروق نے بجبہاڑہ قتل عام کو کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ دن قراردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کومسلسل ظلم وبربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی چند مثالیں حول ، زکورہ ، گائوکدل، بجبہاڑہ اور چھٹی سنگھ پورہ کے قتل عام ہیںجہاں نہتے لوگوں کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔ میرواعظ نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیر میں قتل عام کے مجرموں کو سزادینے کے بجائے ہمیشہ بچایاہے اوریہ گزشتہ 30سال کے دوران بھارت کے مظالم کی واضح دلیل ہے۔

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاکہ بجبہاڑہ قتل عام بھارت کی نام نہاد جمہوریت کے چہرے پر ایک بدنما دھبہ اور جموں وکشمیر پر اس کے فوجی قبضے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاتلوں کو سزادینے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں بھارتی جمہوریت اور عالمی برادری کی ناکامی انسانیت کے ساتھ بھارت کے ظالمانہ سلوک کی باربار یاد دلاتا ہے۔ لبریشن فرنٹ کا ایک وفد بجبہاڑہ گیا اور مزار شہداء پر منعقدہ دعائیہ مجلس میں شرکت کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری غلام نبی سمجھی نے ایک بیان میں کولگام کے علاقے لارو میں کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی قراردیا ہے۔