پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں کل آمنے سامنے ہوں گی

منگل 23 اکتوبر 2018 13:04

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل بدھ کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا۔ اس سے قبل پاکستان کی ٹیم نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کی ٹیم کو 1-0 سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا جبکہ دوسرے اور آخری میچ میں پاکستان کی ٹیم نے آسٹریلیا کی ٹیم کو بڑے مارجن 373 رنز سے شکست دیکر سیریز جیتی تھی۔

دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے بھرپور محنت کر رہی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کانٹے دار ہوگی اور شائقین کرکٹ کو اچھے میچز دیکھنے کو ملیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کو آسٹریلیا پر برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب 17 میچز کھیلے گئے جن میں سے پاکستان نے 9 میچز اپنے نام کئے اور 7 میں آسٹریلوی ٹیم کامیاب رہی جبکہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے انجری مسائل سے چھٹکار حاصل کرلیا ہے اور پرامید ہیں کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں شرکت کرینگے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو دبئی جبکہ تیسرا اور آخری میچ 28 اکتوبر کو دبئی میں ہی کھیلا جائیگا۔