Live Updates

اب حج کرنا مزید مہنگا ہو گیا

تیل اور ڈالر کی قیمتوں میں اضافے سے حج اخراجات میں ہزار روپے اضافے کا امکان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اکتوبر 2018 12:35

اب حج کرنا مزید مہنگا ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2018ء) : تیل اور ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ڈالر کی مسلسل بڑھتی ہوئی قدر کی وجہ سے آئندہ سال سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات میں 55 ہزار روپے سے زئد اضافے کا امکان ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی حج پالیسی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سرکاری اور پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج پیکج مختص کرتے وقت گذشتہ برس کی بجائے موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھا جائے گا جس کے مطابق ممکنہ طور پرسرکاری اسکیم کا حج پیکیج سوا 3 لاکھ سے زائد رکھا جائے گا۔

قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئی حج پالیسی میں عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے والی ائیر لائنز کے کرایوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

حج پالیسی 2018ء میں سرکاری اسکیم کے تحت حج پیکج 2 لاکھ 70 ہزار روپے مختص کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق رواں سال پاکستان کے حج کوٹے میں20سے 30 ہزار کا اضافے کا بھی امکان ہے جو پاکستان تحریک انصاف کی نئی حکومت کے سعودی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور حج کے امور میں بہتری لانے کے حوالے سے بات چیت کا نتیجہ ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے حج کوٹے میں اضافے کے لیے سعودی وزارت حج کے ساتھ بات چیت شروع کر رکھی ہے ۔ نئی حج پالیسی میں قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کو عازمین حج کے لیے خصوصی پیکج تشکیل دینے کے بارے میں بھی غور کیا جائے گا تاکہ قومی ایئر لائنز کے ذریعے پاکستانی حاجیوں کو ریلیف دیا جا سکے۔ ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ حج اخراجات میں اضافہ ہونے سے عوام کے شدید رد عمل کا امکان ہے جو موجودہ حکومت کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات