آسٹریلیا سے ٹی ٹونٹی سیریز،قومی ٹیم کے اوپنرز کا فیصلہ ہوگیا

فخر زمان اور محمد حفیظ پاکستانی اننگز اوپن کرینگے،عماد وسیم کی بھی واپسی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 اکتوبر 2018 13:11

آسٹریلیا سے ٹی ٹونٹی سیریز،قومی ٹیم کے اوپنرز کا فیصلہ ہوگیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اکتوبر2018ء) آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی 20 میچوں میں پاکستانی اننگز کا آغاز فخر زمان کے ساتھ تجربہ کار آل راﺅنڈر محمد حفیظ کریں گے جب کہ بابر اعظم ون ڈاﺅن پر آئیں گے، اس سے قبل بابر اعظم اننگز کا آغاز کرتے تھے۔ انگلینڈ کے دورے میں جب بابر اعظم کے ہاتھ میں فریکچر ہوا تھا تو پاکستانی اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق کررہے تھے۔

کپتان سرفراز احمد چوتھے نمبر پر آئیں گے جب کہ پانچواں اور سب سے اہم نمبر شعیب ملک کا ہے لیکن شعیب ملک بدستور حیدرآباد دکن میں اپنے بچے کی ولادت کے منتظر ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ثانیہ مرزا کے ہاں بچے کی پیدائش کے فوراً بعد شعیب ملک ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔آصف علی چھٹے نمبر پر کھیلیں گے، آصف علی ایشیا کپ میں بری طرح ناکام رہے تھے۔

(جاری ہے)

ایک سال بعد پاکستانی ٹیم میں آنے والے عماد وسیم اور شاداب خان سپنرز کی حیثیت سے کھیلیں گے جب کہ ٹیم میں تین فاسٹ باﺅلر حسن علی، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی کھیلیں گے۔ پاکستانی ٹیم نے مسلسل دوسرے دن ابوظہبی گراﺅنڈ میں پریکٹس کی۔ منگل کی شام پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے بعد ٹرافی کی رونمائی ہوگی جبکہ آسٹریلوی ٹیم رات میں پریکٹس کرے گی۔

آسٹریلوی کھلاڑی گلین میکس ویل کا کہنا ہے کہ بلاشبہ پاکستانی ٹیم دنیا کی بہترین ٹی 20 ٹیم ہے اور ہمیں سیریز میں مشکل چیلنج کا سامنا ہوگا۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کے لیے منتخب کردہ ٹیم میں سرفراز احمد(کپتان و وکٹ کیپر)، فخرزمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، شاہین شاہ آفریدی،عثمان شنواری، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاداب خان اور وقاص مقصود شامل ہیں۔ ٹی ٹونٹی میچز 24،26 اور 28 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔