جسٹس محمد انوار الحق نے لاہور ہائیکورٹ کے 47ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا‘

گورنر پنجاب نے حلف لیا تقریب حلف برداری گورنر ہائوس میں منعقد ہوئی ،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، وزراء ،ججز صاحبان، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور دیگر کی شرکت چیف جسٹس کو ہائیکورٹ آمد پر گارڈآف آنر اور سلامی پیش کی گئی،جسٹس انوار الحق نے مستقل اورنئے تعینات ہونیوالے ا یڈیشنل ججزسے حلف لیا

منگل 23 اکتوبر 2018 13:43

جسٹس محمد انوار الحق نے لاہور ہائیکورٹ کے 47ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) لاہو رہائیکورٹ کے سینئر ترین جسٹس محمد انوار الحق نے لاہور ہائیکورٹ کے 47ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا،بعد ازاں چیف جسٹس محمد انوارالحق نے لاہور ہائیکورٹ کے مستقل ہونیوالے 6اور نئے تعینات ہونے والے 8یڈیشنل ججزسے حلف لیا ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تقریب حلف برداری گورنر ہائوس لاہورمیں منعقد ہوئی جہاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جسٹس محمد انوار الحق سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف لیا ۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت سمیت دیگر وزراء ، ججز صاحبان ، وفاقی و صوبائی لاء افسران ،اعلیٰ سو ل و عسکری حکام ،وکلاء تنظیموں کے عہدیداروں اوردیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔تقریب حلف برداری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیف جسٹس محمد انوارالحق کو سلامی اورگارڈ آف آنر پیش کیا ۔

ہائیکورٹ کے ججز لائونج میں منعقدہ تقریب حلف برداری میںچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مستقل ہونے والے 6اور 8نئے یڈیشنل ججزسے حلف لیا ۔مستقل ججزکی حیثیت سے حلف اٹھانے والوں میں جسٹس مجاہدمستقیم احمد، جسٹس اسجدجاویدگورال،جسٹس طارق سلیم شیخ ،جسٹس جواد حسن ، جسٹس مزمل اخترشبیراورجسٹس چوہدیر عبدالعزیز کے نام شامل ہیں۔جبکہ جسٹس انوارالحق پنوں، جسٹس فاروق حیدر، جسٹس شکیل الرحمان خان،جسٹس محمدوحیدخان،جسٹس احمدرضا ،جسٹس رسال حسن سید، جسٹس عاصم حفیظ اورجسٹس صادق محمودخرم نے بطور ایڈیشنل جج لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھایا ۔حلف برداری کے بعد لاہورہائیکورٹ میں ججز کی کل تعداد 53 ہوگئی جس میں 45 مستقل اورآٹھ ایڈیشنل ججز شامل ہیں۔