Live Updates

سعودی عرب میں وزیراعظم عمران خان کو ملنے والا احترام مسلم امہ میں پاکستان کے مقام کو ظاہر کرتا ہے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

آصف زرداری سیاستدانوں کی بجائے وکلاء سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں، قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، اس کے لئے ووٹ چاہیں ہوتے ہیں، وہ نوٹ کے چکر میں ووٹ کھو چکے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات کا ٹویٹ

منگل 23 اکتوبر 2018 14:09

سعودی عرب میں وزیراعظم عمران خان کو ملنے والا احترام مسلم امہ میں پاکستان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں وزیراعظم عمران خان کو ملنے والا احترام مسلم امہ میں پاکستان کے مقام کو ظاہر کرتا ہے، آصف زرداری سیاستدانوں کی بجائے وکلاء سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں، قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، اس کے لئے ووٹ چاہیں ہوتے ہیں، وہ نوٹ کے چکر میں ووٹ کھو چکے ہیں۔

پیر کو اپنے ٹویٹس میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب میں جو احترام وزیراعظم عمران خان کو ملتا ہے وہ ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آج مسلم امہ میں پاکستان کا کیا مقام ہے اور عمران خان کو مسلم امہ کیا اہمیت دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب کے دوران صرف چند گھنٹے ہی آرام کر سکے ہیں، ان کا پورا دن مصروف رہا ۔

وزیراعظم عمران خان کی مصروفیات میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت، خادم الحرمین شاہ سلمان اور ولی عہد اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں شامل ہیں۔ آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کے حوالے سے اپنے الگ ٹویٹ میں وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ زرداری صاحب سیاستدانوں کی بجائے وکلاء سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں، اس مفت مشورے کا احساس ان کو ہفتوں میں نہیں دنوں میں ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قرادادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، اس کے لئے ووٹ چاہیں ہوتے ہیں اور زرداری صاحب کے پاس اب صرف نوٹ رہ گئے ہیں، وہ نوٹ کمانے کے چکر میں ووٹ کھو بیٹھے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات