کراچی ،سپریم کورٹ کے حکم پرچنگچی رکشوں کی رجسٹریشن کا آغاز

چنگچی کا راستہ ماس ٹرانزٹ سسٹم اور اہم شاہراہوں کو متاثر نہیں کرے گا،سیکرٹری ٹرانسپورٹ سندھ

منگل 23 اکتوبر 2018 16:01

کراچی ،سپریم کورٹ کے حکم پرچنگچی رکشوں کی رجسٹریشن کا آغاز
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت چنگچی رکشوں کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے ، اب چنگچی رکشا لائسنس اور فٹنس کے بعد سڑکوں پر آئیں گے۔منگل کو چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔اجلاس میں چنگچی رکشہ پر فیئر میٹر کی بھی لازمی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سیکریٹری ایکسائیز، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ کراچی میں 6 راستوں پر چنگچی رکشہ کو اجازت دے دی گئی ہے۔چنگچی کا راستہ ماس ٹرانزٹ سسٹم اور اہم شاہراہوں کو متاثر نہیں کرے گا۔یوپی موڑ سے خواجہ اجمیر نگری، ناگن چورنگی سے اقرا یونیورسٹی نارتھ کیمپس روٹ ہوں گے۔ بکرا منڈی سے لی مارکیٹ اور بکرا منڈی سے منگھو پیر روڈ پر بھی چنگچی رکشہ چلیں گے ۔دو منٹ چورنگی سے نارتھ کراچی 6 نمبر اور ناگن چورنگی سے گودھرا موڑ بھی روٹ میں شامل ہیں۔