لاہور میں منعقد کی جانے والی ایک اور ڈانس پارٹی کی ویڈیوز وائرل

پولیس اور انتظامیہ خاموش، سوشل میڈیا صارفین نے غم و غصے کا اظہار کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اکتوبر 2018 15:51

لاہور میں منعقد کی جانے والی ایک اور ڈانس پارٹی کی ویڈیوز وائرل
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2018ء) : لاہور میں منعقد کی جانے والی ایک اور ڈانس پارٹی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو آپس میں بے تکلف ہو کر رقص کرتے دیکھا گیا جبکہ کچھ اطلاعات کے مطابق مذکورہ پارٹی میں شراب اور دیگر منشیات بھی موجود تھیں جنہیں نوجوانوں نے بے دریغ استعمال کیا۔



 ان وائرل ویڈیوز کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور پولیس کو بھی ہدف تنقید بنایا ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے پولیس اور انتظامیہ کو جیسے ہی ایسی کسی پارٹی کی خبر موصول ہوتی تھی فوری طور پر اس جگہ چھاپہ مارا جاتا اور منتظمین کو گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی تھی لیکن حال ہی میں یکے بعد دیگرے ہونے والی ان ڈانس پارٹیوں پر پولیس یا شہر کی انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا جو کہ قابل افسوس ہے۔

ویڈیوز میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کا رقص دیکھ کر بھی سوشل میڈیا صارفین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو قابل اعتراض حالت میں دیکھ کر معاشرے کی تباہی کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔


 واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی کاہنہ کے نواحی علاقہ کے ایک نجی فارم ہاؤس پر منعقد کی جانے والی ایک پُر تکلف ڈانس پارٹی کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

اس پارٹی میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر حماد خان بھی موجود تھے ، جب ان سے دریافت کیا گیا کہ آپ پارٹی میں کیا کر رہے ہیں تو وہ تو بے ساختہ بول اُٹھے کہ پیسے لینے آیا ہوں جسے بعد میں انہوں نے ایک انٹرٹینمنٹ چیک کا نام دے دیا گیا جس کا کوئی بھی ثبوت نہیں دیا گیا۔ حماد خان سے دریافت کیا گیا کہ آپ نے یہ پارٹی کیوں نہیں روکی ؟ جس پر انہوں نے برملا کہا کہ پارٹی روکنا میرے اختیارات میں شامل نہیں ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی پارٹیاں معاشرے کی تباہی کا باعث بن رہی ہیں جبکہ اس پر پولیس اور دیگر اداروں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔