نواز شریف نے آصف زرداری کے شکوے کا جواب دے دیا

سابق صدر کے خلاف میں نے مقدمات نہیں بنائے مجھے تو علم بھی نہیں تھا۔وہ اس متعلق اپنی غلط فہمی دور کر لیں۔ نواز شریف کا مولانا فضل الرحمن کے ذریعے سے آصف زرداری کو پیغام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 23 اکتوبر 2018 16:03

نواز شریف نے آصف زرداری کے شکوے کا جواب دے دیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین 23 اکتوبر۔2018ء) سینئیر سیاست دان مولانا فضل الرحمٰن سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان سرد جنگ ختم کرنے کا کام بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔اور وہ کسی حد تک اس کام میں کامیاب ہوتے بھی نظر آ رہے ہیں۔کیونکہ دونوں سابق حکمرانوں کے بیچ اب برف آہستہ آہستہ پگھل رہی ہے۔آصف علی زرداری نے کچھ روز پہلے کہا تھا کہ میرے خلاف سارے کیس نواز شریف کے دور میں بنائے گئے تھے تاہم اب نواز شریف نے بھی آصف زرداری کے شکوے جا جواب دے دیا ہے۔

اور مولانا فضل الرحمن سے کہا ہے کہ آصف زرداری تک میرا پیغام پہنچائیں کہ میں نے آپ کے خلاف مقدمہ نہیں بنایا مجھے تو اس کا علم بھی نہیں تھا۔نواز شریف نے کہا کہ آصف زرداری سے کہیں کہ وہ اس متعلق اپنی غلط فہمی دور کر لیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے سابق وزیراعظم نوازشریف آج احتساب عدالت میں پیش ہوئے تو اس موقع پر ایک صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ آصف علی زرداری ملاقات کے لیے تیار ہیں تو کیا آپ بھی تیار ہیں؟۔

تو نواز شریف صحافیوں کے سوال سے کترانے لگ گئے اور صحافی کے سوال کا رخ مریم اورنگزیب کی طرف موڑ دیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میاں نواز شریف کی جگہ صحافی کو جواب دیا کہ حکومت کی نااہلی برقراررہی تو سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوگا.مریم اورنگزیب نے جواب دیا کہ آصف زرداری کے بیان کا پارٹی سطح پر جائزہ لے رہے ہیں.نواز شریف کے آصف علی زرداری سے متعلق سوال کا جواب نہ دینے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ نواز شریف بھی آصف علی زرداری کی طرح جواب دینے سے کترا رہے ہیں۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ دونوں جماعتوں میں رابطے جاری ہے۔آصف علی زرداری اور نواز شریف کے درمیان بھی برف پگھلنے لگ گئی ہے جس نے حکومت کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔