واپڈا کی جانب سے ملازمین میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آگاہی بارے سیمینار کا انعقاد

ایف بی آر کی جانب سے کمشنر اِن لینڈ ریوینو لاہور نے این ٹی این کے حصول اور گوشوارے جمع کرانے سے متعلق آگاہی دی

منگل 23 اکتوبر 2018 17:16

واپڈا کی جانب سے ملازمین میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آگاہی بارے سیمینار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) واپڈا کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ا شتراک سے ٹیکس ادائیگی سے متعلق ایک سیمینار منعقد کیا گیا ۔ جس کا مقصد واپڈا کے ملازمین کو نیشنل ٹیکس نمبر( این ٹی این) کے حصول ، ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا طریقہٴ کار، ٹیکس فائلر اور نان فائلر ہونے کے فوائد اور ممکنہ نقصانات سے آگاہ کرنا تھا ۔

یہ سیمینار فیڈرل بورڈآف ریونیو کی جانب سے ٹیکس نیٹ میں توسیع کے حوالے سے جاری آگاہی مہم کا حصہ تھا ۔سیمینار میں واپڈا کے گریڈ 18اور اِس سے سینئر آفیسرز نے شرکت کی ۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے کمشنر ریجنل ٹیکس آفس II-لاہور فضہ بتول نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے اور این ٹی این سر ٹیفکیٹ حاصل کرنے کے طریقہ کار سے متعلق جامع بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے شرکاء کو بتایا کہ ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں سے 10سال تک کے اخراجات کا حساب لیا جاسکتا ہے ، جبکہ گوشوارے جمع کرانے والے شہریوں سے ضرورت پڑنے پر 5 سال تک کی آمدن اور اخراجات کے بارے میں پوچھا جاسکتا ہے ۔ ٹیکس کمشنر نے اِس بات پر زور دیا کہ ڈیفرنشیل ٹیکس سکیم کے نفاذ کے بعد ملازمین کو ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے کے نقصانات سے متعلق آگاہی دینا بہت ضروری ہے کیونکہ اِس سکیم کے تحت گوشوارے جمع نہ کرانے والے شہریوں پر رقوم کی لین دین ، گاڑیاں اور دیگر ملکیت خریدنے پر زیادہ ٹیکس لاگو ہوگا۔

انہوں نے سرکاری اداروں کے ملازمین کی جانب سے صحیح معنوں میں انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین میں ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق مکمل آگاہی کے لئے ایف بی آر ٹریننگ ورکشاپس منعقد کرائے گا ۔علاوہ ازیں اُنہوں نے آن لائن گوشوارے جمع کرانے کے طریقہٴ کار پر بھی روشنی ڈالی اور ملازمین کو ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل اور ان کو حل کرنے سے متعلق بھی آگاہی دی۔