فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے کھادوں کا متوازن استعمال ناگزیر ہے،ڈپٹی منیجر ایف ایف سی

منگل 23 اکتوبر 2018 17:50

سرگودھا۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) اسٹیبلیشمنٹ آف ماڈل فارم پراجیکٹ، حکومت پنجاب اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے زیر اہتمام عالمی دن برائے کھاد کے موقع پر سرگودھا میں اجلاس کاشتکاراں کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ایف ایف سی کے ڈپٹی مینیجر لیاقت علی واہلہ نے کہا کہ فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے کھادوں کا متوازن استعمال نا گزیر ہے۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ کمپنی نے کاشتکار وں کی سہولت کیلئے سرگودھا میں فارم ایڈوائزی سنٹر کا قیام کیا ہے جس میں مٹی اور پانی کے تجزیے کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے چنانچہ تمام کاشتکار اپنی زمینوں کا تجزیہ کروائیں۔ ریجنل مینیجر اسٹیبلیشمنٹ آف ماڈل فارم پراجیکٹ سرگودھا نے کہاکہ حکومت کاشتکاروں کی راہنمائی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی کاشتکاری کو جدید خطوط پر استوار کر کے ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ماڈل فارم پراجیکٹ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو کہ بالخصوص کینو کے کاشتکاروں کو عالمی معیار کی پیدوار حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوگا، کینو کی برآمد کو بڑھانے کیلئے کاشتکاروں کو اپنے باغات میں ضروری اصلاحات کرنا ہوں گی۔ اس موقع پر ایف ایف سی کے زرعی ماہر محمد طاہر نعیم نے کاشتکاروں کوکینو میں متوازن کھادوں کے استعمال پر آگاہی فراہم کی۔