بھارت آج بھی مسئلہ کشمیر سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے‘شاہ غلام قادر

پاکستان کی موجودہ حکومت سے مذاکرات کی بات کر کے مُکر جانا اقوام متحدہ کے ادارے کے بین الاقوامی چارٹر کی کُھلی خلاف ورزی ہے

منگل 23 اکتوبر 2018 18:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ 71واں یوم تاسیس اس عزم کے ساتھ( کل) منایا جائے کہ ہم اپنی بکھری صفوں کو منظم کرتے ہوئے مخلصانہ طور پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ بھارت آج بھی مسئلہ کشمیر سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے، اُس کے مقاصد میں یہ شامل ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کی جاتی رہے تاکہ کشمیریوں کی آنے والی نسل مسئلہ کشمیر کو بُھول جائے مگر بھارت اپنی ان سازشوں میں ناکام رہے گا۔

پاکستان کی موجودہ حکومت سے مذاکرات کی بات کر کے مُکر جانا اقوام متحدہ کے ادارے کے بین الاقوامی چارٹر کی کُھلی خلاف ورزی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مظالم کی انتہا کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آج مقبوضہ کشمیر کا ہر گھر سراپہء احتجاج ہے۔ نوجوانوں کا بے دریغ قتل عام جاری ہے ۔ حالات دن بدن سنگین ہو رہے ہیں۔ عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُٹھانے کے لیے وفود بھیجے جانے چاہیئیں تا کہ عالمی سطح پر رائے عامہ ہموار کی جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلاف کی سنہری قربانیوں کے ثمر میں کشمیری عوام کو آزادی ضرور ملے گی ۔ جس قدر تاخیری حربے استعمال ہوئے وہ بھارت کی ٹُوٹ پُھوٹ کا سبب بن جائیں گے۔ ہم شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری بھائیوں ، بزرگوں، مائوں ، بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کے مشن میں ہم آپکے ساتھ رہیں گے اور وہ دن دُور نہیں جب وادیء زعفران بھارتی افواج کے ناپاک قدموں سے پاک ہو جائے گی۔ آزادی کشمیری عوام کا پیدائشی حق ہے جو اُنہیں بہر صورت مل کر رہے گا۔