احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف دائر فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت (کل ) تک ملتوی کردی

منگل 23 اکتوبر 2018 18:18

احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف دائر فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت (کل ) ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف دائر فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت (کل )بدھ تک ملتوی کردی ہے ۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کمرہ عدالت میں پیش ہوئے ۔ سماعت کے موقع پر وکیل صفائی خواجہ حارث نے جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کے بیان پر جرح کی ۔

سماعت کے موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف جب عدالت میں پیش ہوئے تو کارکنان کی بڑی تعداد عدالت پہنچ گئی جس پر احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کہا کہ اتنے سارے لوگ کمرہ عدالت میں کیوں آجاتے ہیں، اب تو نواز شریف جیل میں نہیں، ان سے ملنے والے باہر ملاقات کرلیا کریں، جو کمرہ عدالت آجائے وہ باہر جانے کا نام نہیں لیتا، زیادہ لوگوں سے عدالت میں بدنظمی پیداہوتی ہے۔

(جاری ہے)

جج کے اظہار برہمی پر ایس پی سکیورٹی جوڈیشل کمپلیکس نے سابق وزیراعظم کے وکلا کو نوازشریف کو (آج )بدھ کو پیش نہ کرنے کی تجویز دی۔ ایڈووکیٹ زبیر خالد نے جج سے کہا کہ (آج ) بابر اعوان کو نندی پور کیس میں پیش ہونا ہے، سکیورٹی وجوہات آڑے آسکتی ہیں۔ وکیل کی تجویز پر جج محمد ارشد ملک نے کہا کہ نندی پور ریفرنس کی صبح سماعت کرلیں گے اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت 10 بجے رکھ لیں گے۔ عدالت نے مذید ریفرنس کی مزیدسماعت آج تک ملتوی کر دی ۔