آسٹریلیا کیخلاف ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی سے شعیب ملک کی چھٹی

تجربہ کار آل راونڈر تاحال قومی ٹیم کو جوائن نہیں کر سکے، وقت پر ابوظہبی نہ پہنچ پانے کے باعث کل کے میچ میں شرکت نہیں کریں گے

muhammad ali محمد علی منگل 23 اکتوبر 2018 18:33

آسٹریلیا کیخلاف ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی سے شعیب ملک کی چھٹی
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اکتوبر2018ء) آسٹریلیا کیخلاف ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی سے شعیب ملک کی چھٹی، تجربہ کار آل راونڈر تاحال قومی ٹیم کو جوائن نہیں کر سکے، وقت پر ابوظہبی نہ پہنچ پانے کے باعث کل کے میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سینئر آل راونڈر شعیب ملک بدستور بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں اپنے بچے کی ولادت کے منتظر ہیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ثانیہ مرزا کے ہاں بچے کی پیدائش کے فوراً بعد شعیب ملک ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔ تاہم چونکہ شعیب ملک تاحال ابوظہبی نہیں پہنچے، اس لیے وہ بدھ کے روز آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ شعیب ملک کی غیر موجودگی میں آصف علی چھٹے نمبر پر کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سال بعد پاکستانی ٹیم میں آنے والے عماد وسیم اور شاداب خان سپنرز کی حیثیت سے کھیلیں گے جب کہ ٹیم میں تین فاسٹ باﺅلر حسن علی، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی کھیلیں گے۔

دیگر کلاڑیوں میں فخر زمان، بابر اعظم، سرفراز احمد، محمد حفیظ اور دیگر شامل ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم نے مسلسل دوسرے دن ابوظہبی گراﺅنڈ میں پریکٹس کی۔ منگل کی شام پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے بعد ٹرافی کی رونمائی ہوگی جبکہ آسٹریلوی ٹیم رات میں پریکٹس کرے گی۔ آسٹریلوی کھلاڑی گلین میکس ویل کا کہنا ہے کہ بلاشبہ پاکستانی ٹیم دنیا کی بہترین ٹی 20 ٹیم ہے اور ہمیں سیریز میں مشکل چیلنج کا سامنا ہوگا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کے لیے منتخب کردہ ٹیم میں سرفراز احمد(کپتان و وکٹ کیپر)، فخرزمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، شاہین شاہ آفریدی،عثمان شنواری، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاداب خان اور وقاص مقصود شامل ہیں۔ ٹی ٹونٹی میچز 24،26 اور 28 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔