Live Updates

اپوزیشن اتحاد کی جانب سے 31 اکتوبر کو کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد کا امکان

مولانا فضل الرحمان آل پارٹیز کانفرنس کا انتظام و انصرام کریں گے، اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 23 اکتوبر 2018 18:39

اپوزیشن اتحاد کی جانب سے 31 اکتوبر کو کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد کا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-23 اکتوبر 2018ء) : 31 اکتوبرکو متحدہ اپوزیشن کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس کا امکان پیدا ہو گیا۔کانفرنس کا انتظام و انصرام مولانا فضل الرحمان کریں گے۔تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمن ایک بار پھر اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس بنانے کے لئے سرگرم عمل ہوگئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدرآ صف علی زرداری کے درمیان ملاقات کرانے کی کوشش کر رہے ہیں جو اپوزیشن جماعتوں کے آئندہ چند دنوں میں ہونے والے اجلاس میں ہونے کا امکان ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز اہم ترین پیش رفت سامنے آئی تھی۔سابق صدر آصف زرداری مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے انکی رہائش گاہ پر گئے تھے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نئیر بخاری اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف بھی آصف زرداری کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

اس ملاقات کے بعد دونوں رہنماوں نے میڈیا سے بات چیت کی۔اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سب دوستوں کے ساتھ مل کرعدم اعتماد کی بات کی جاسکتی ہے۔مقصد حکومت گرانا نہیں ہے بلکہ جمہوریت کوبچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے ڈیل کرنے کے لیے مشرف کا دور بہتر تھا۔گزشتہ سالوں میں پہلی بارجمہوری قوتیں کمزرورہوئی ہیں۔اختلاف کرنا بھی جمہوریت کی خوبصورتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جعلی اکثریت ہے،اسے حکومت کرنے کا حق ہی نہیں ہے۔آیندہ ہفتے آل پارٹیزکانفرنس بلائیں گے۔آل پارٹیز کانفرنس کے لیے تاریخ کا اعلان کل کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف صاحب سے بات ہو چکی ہے۔انکا کہنا تھا کہ ہم سب کا بنیادی موقف ہے کہ حکومت کو جعلی مینڈیٹ حاصل ہے۔ساری اپوزیشن مل بیٹھ کرمشترکہ لائحہ عمل طے کرے گے۔

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے ایک بار پھر کل جماعتی کانفرنس منعقد ہونے جارہی ہے۔یہ کانفرنس 31 اکتوبر کو منعقد کی جائے گی ،جس کا تمام تر انتظام و انصرام جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے۔اس کانفرنس میں اپوزیشن جماعتوں کے تمام سرکردہ رہنما شرکت کریں گے اور حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گے۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے ساتھ ساز باز کر کے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائیگی ،اس تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں تحریک انصاف کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات