کراچی کے تاجر و صنعتکار کراچی کو اون کریں، وسیم اختر

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ تعاون کریں تو کافی حد تک شہر کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، میئر کراچی صنعتی علاقے میں درخت لگائیں تاکہ ماحول بہتر ہو اور شہر سے آلودگی کے خاتمے میں مدد ملے،پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن اور کراچی چیمبر آف کامرس کے وفود سے ملاقات میں گفتگو

منگل 23 اکتوبر 2018 19:26

کراچی کے تاجر و صنعتکار کراچی کو اون کریں، وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے تاجر و صنعتکار کراچی کو اون کریں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ تعاون کریں تو کافی حد تک شہر کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، ٹریڈرز اور دکاندار بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ٹیکسز کو وقت پر ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن اور کراچی چیمبر آف کامرس کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے علیحدہ علیحدہ میئر کراچی سے ملاقات کی اور درپیش مسائل سے میئر کراچی کو آگاہ کیا ، پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بتایا کہ کورنگی کا سیکٹر 7-A اس وقت پاکستان میں ٹینرز فیکٹریوں کا سب سے بڑا زون ہے جہاں 400 سے زائد انڈسٹریل یونٹس واقع ہیںجن میں 200 کے قریب ٹینرز فیکٹریاں ہیں تاہم علاقہ میں صفائی ستھرائی کے مسائل زیادہ ہیں جن کو فوری حل کرنے کی ضرورت ہے، میئر کراچی نے کہا کہ صفائی ستھرائی کا کام سالڈ ویسٹ مینجمنٹ علیحدہ بورڈ اور ضلع میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ علاقے میں صفائی ستھرائی یقینی بنائے تاہم نالوں کی صفائی کا کام بلدیہ عظمیٰ کراچی شروع کرے گی تاکہ برسات کے موسم میں اوور فلو ہونے کی شکایت نہ رہے، انہوں نے تاجروں و صنعتکاروں پر زور دیا کہ صنعتی علاقے میں درخت لگائیں تاکہ ماحول بہتر ہو اور شہر سے آلودگی کے خاتمے میں مدد ملے، انہوں نے کہا کہ شہر کو خوبصورت اور سرسبز بنانے میں شہریوں کا تعاون درکار ہے، میئر کراچی نے صدر کراچی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری جنید اسماعیل اور وفد کے دیگر ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مارکیٹوں کے کرایہ داروں کو قانون کے مطابق ہرممکن سہولت دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ میونسپل سروس چارجز شہری خدمات کی ادائیگی کے لئے وصول کئے جاتے ہیں اور ان کا مقصد رہائشی اور تجارتی علاقوں میں ہرممکن بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو فائربریگیڈ ، میڈیکل ، فیومیگیشن،اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی تعمیر و مرمت جیسے بنیادی امور انجام دیتی ہے جس کے لئے وسائل درکار ہیں، تاجر برادری کے تعاون سے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل میں مدد مل سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی پر غیرضروری بوجھ ڈالنا نہیں بلکہ شہر کو بہتر اور خوبصورت بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس شہر کا اہم ترین ادارہ ہے جس کے ممبران کی اکثریت کراچی کے مختلف علاقوں میں اپنا کاروبار کر رہی ہے، ہماری خواہش ہے کہ کاروباری برادری کو شہر کی تعمیر و ترقی کے عمل میں شامل رکھا جائے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

#