پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فلپائن کو باہمی سیریز کرانے کی پیشکش کردی

سیریز کے کامیاب انعقاد سے نہ صرف کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع ملے گا بلکہ دونوں ملکوں کی دوستی میں بھی اضافہ ہوگا، پی ایف ایف کی ای میل کے ذریعے پیشکش

منگل 23 اکتوبر 2018 19:30

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فلپائن کو باہمی سیریز کرانے کی پیشکش کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی طرف سے فلپائن فیڈریشن کو ای میل کے ذریعے سیریز کی پیشکش کی گئی۔پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی انٹرنیشنل فٹبال کی بحالی میں ایک اور اہم پیش رفت، فلسطین کے بعد فلپائن کو بھی دورہِ پاکستان کی دعوت دے دی گئی، ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کی طرف سے فلپائن فیڈریشن کو باقاعدہ ایک ای میل کی گئی ہے جس میں فلپائن کی قومی ٹیم کو گرین شرٹس کے ساتھ میچز کی سیریز کھیلنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ای میل میں کہا گیا ہے کہ سیریز کے کامیاب انعقاد سے نہ صرف کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع ملے گا بلکہ دونوں ملکوں کی دوستی میں بھی اضافہ ہوگا، ذرائع کے مطابق فلپائن فٹبال فیڈریشن کی طرف سے مثبت پیش رفت ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے میچز کی تعداد اور مقامات کا تعین کیا جائے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ایف ایف اس سے قبل فلسطین کی ٹیم کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دے چکا ہے، مہمان ملک کی طرف سے گرین سگنل ملنے کی صورت میں دونوں ٹیمیں 15 نومبر کو لاہور میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔۔