کوہاٹ میں مختلف واقعات کے دوران دو افراد جاں بحق

منگل 23 اکتوبر 2018 19:49

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) کوہاٹ میں مختلف واقعات کے دوران دو افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ پشاور بائی پاس روڈ پر سٹی پبلک سکول کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر کی ٹکر سے جنگل خیل کا رہائشی موٹر سائیکل سوار شکیل خان ولد منیر خان موقع پر دم توڑ گیا۔حادثے کے بعد آئل ٹینکر ڈرائیورگاڑی موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا جبکہ متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال لائی گئی جہاں چھائونی پولیس نے متوفی کے چچا زرین خان کی مدعیت میں حادثے کا مقدمہ آئل ٹینکر ڈرائیور کے خلاف درج کرتے ہوئے انکی تلاش شروع کردی ہے۔

ادھر کوہاٹ بنوں روڈ کے علاقہ تپی میںبندوق صاف کرتے ہوئے اتفاقی گولی چل جانے سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

(جاری ہے)

تپی کا رہائشی گلفراز ولد ضمیر خان گھر کے اندر کلاشنکوف صاف کررہا تھا کہ اس دوران غلطی سے اچانک گولی چل گئی جسکے نتیجے میں پیٹ پر گولی لگنے سے وہ شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاکر جان کی بازی ہار گیا۔متوفی نے نزعی بیان میں تھانہ محمد ریاض شہید پولیس کو بتایا کہ واقعہ اسکی بے احتیاطی سے پیش آیا اور کلاشنکوف صاف کرتے ہوئے اچانک گولی چل جانے سے وہ پیٹ پر لگ کر اپنی ہی بندوق سے نکلی گولی کا نشانہ بن گیا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔