Live Updates

حکومت 5سال کیلئے حج پالیسی تشکیل اور سعودی عرب میں تین سالوں کیلئے بلڈنگز کرائے پر لینے پر غور کر رہی ہے، پیر نور الحق قادری

س کیلئے قوانین اور پیپرا رولز کی اجازت ضروری ہے ،سعودی فرمانرواکے ساتھ وزیر اعظم کی ملاقات میں دوبارہ عمرے پر 2ہزار ریال ادا کرنے کی شرط ختم کرنے بارے بات چیت کی گئی ہے امید ہے جلد ہی خوشخبری ملے گی ،حجاج کی خدمت عبادت کے مترادف ہے پرائیویٹ حج آرگنائزرز اپنے طے شدہ معاہدے کے مطابق حجاج کو سہولیات فراہم کریں ، ہوپ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

منگل 23 اکتوبر 2018 21:54

حکومت 5سال کیلئے حج پالیسی تشکیل اور سعودی عرب میں تین سالوں کیلئے بلڈنگز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہاہے حکومت 5سال کیلئے حج پالیسی تشکیل دینے اور سعودی عرب میں تین سالوں کے لئے بلڈنگز کرائے پر لینے پر غور کر رہی ہے تاہم اس کیلئے قوانین اور پیپرا رولز کی اجازت ضروری ہے ،سعودی فرمانرواکے ساتھ وزیر اعظم کی ملاقات کے دوران دوبارہ عمرے پر 2ہزار ریال ادا کرنے کی شرط ختم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے امید ہے کہ جلد ہی خوشخبری ملے گی ،حجاج کی خدمت عبادت کے مترادف ہے پرائیویٹ حج آرگنائزرز اپنے طے شدہ معاہدے کے مطابق حجاج کو سہولیات فراہم کریں ان خیالات کا اظہار انہوںنے پرائیویٹ حج آرگنائزر ایسوسی ایشن(ہوپ) کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیرمین ہوپ پاکستان وحید اقبال ،سابق سیکرٹری مذہبی امور سرور رضا قزلباش،سابق ڈائریکٹر حج جدہ بحراللہ ہزاروی اور ہوپ اسلام آباد کے صدر جاوید اختر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں مذید کہاکہ وزارت حج اینڈ عمرہ پالیسی کا ڈرافٹ تیار کررہی ہے جس میں یہ تجویز بھی ہے کہ حج پالیسی اگلے 5سال کیلئے تشکیل دی جائے تاہم اس کیلئے متعلقہ قوانین کو دیکھنے کی ضرورت ہوگی انہوںنے کہاکہ اسی طرح سعودی عرب میں حرم شریف اور مدینہ میں مسجد نبوی کے قریب رہائش گاہوں کا حصول ہمیشہ سے ایک مسئلہ رہا ہے اس حوالے سے یہ تجویز بھی زیر غور ہے کہ اگر پیپرا قوانین نے اجازت دی تو تین سالوں کیلئے بلڈنگ کا معاہدہ کیا جائے گا انہوںنے کہاکہ پرائیویٹ حج آرگنائزر اپنے طے شدہ معاہدے کے تحت حجاج کو سہولیات فراہم کریں بعض اوقات معاہدے میں لکھا ہوتا ہے کہ حرم پاک سے 300میٹر کے فاصلے پر رہائش ہوگی جبکہ رہائش اصل میں 3کلو میٹر ہوتی ہے اسی طرح تین وقت کا کھانا لکھا ہوتا ہے مگر وہاں پر ایک وقت کا ناشتہ ہی دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ امسال پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین حج کروایا جائے انہوں نے کہاکہ عمرہ زائرین پر عائد 2ہزار ریال کی شرط ختم کرنے کیلئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سعودی فرمانروا کے ساتھ ملاقات میں درخواست کی ہے اس حوالے سے سعودی سفیر نے بھی بتایا ہے کہ جلد ہی خوشخبری ملے گی انہوںنے کہاکہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 5سالوں کے دوران دوبارہ حج کرنے پر عائد 2 ہزار ریال جرمانہ ختم کرنے کیلئے بھی سعودی حکومت سے بات چیت کی جائے گی انہوں نے پرائیویٹ حج آرگنائزر ز کو عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے وزارت کی جانب سے ہر ممکن تعائون کی یقین دہانی کرائی ۔

۔۔۔۔اعجاز خان
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات