Live Updates

معیشت اور ملک کی ترقی میں تاجروں کا کردار اہمیت کا حامل ہوتا ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل کی تاجر وفد سے بات چیت

منگل 23 اکتوبر 2018 22:36

معیشت اور ملک کی ترقی میں تاجروں کا کردار اہمیت کا حامل ہوتا ہے، گورنر ..
سکھر ۔ 23اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ معیشت اور ملک کی ترقی میں تاجروں کا کردار اہمیت کا حامل ہوتا ہے، وہی حکومتیں کامیاب حکومتیں کہلاتی ہیں جو تاجروں کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتی ہیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں ملنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے سرکٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے ہر شہری کو ملک کی ترقی کے لیے قربانی دینی ہوگی۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان دنیا کے بہترین ملکوںمیں شمار ہوگا، سکھر کے جو مسائل پیش کیے گئے ہیں ان میں سے جو میرے اختیار میں ہے ان پر میں فوری ایکشن لونگا، سکھر میں سی پی ایل سی کا قیام جلد کیا جائے گا، جبکہ اناج و آئرن مارکیٹ کے پلاٹو میں جو خرد برد ہوئی ہے اس کے خلاف شفاف تحقیقات ہوگی۔

(جاری ہے)

حاجی محمد جاوید میمن، حاجی غلام شبیر بھٹو، عبدالستار راجپوت، شکیل قریشی، زبیر قریشی، حافظ شریف ڈاڈا، حاجی پرویز چنہ، رئیس قریشی، ظہیر بھٹی، محمد منیر میمن، بابا جھنڈے شاہ، عبدالباری انصاری، ذاکر خان، شبیر میمن، ذاکر بندھانی، لالہ یاسر، ڈاکٹر سعید اعوان، صداقت خان، راشد صدیقی، کیلاش، شفیق الرحمن، صمد صالح و دیگر نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو سکھر کے مسائل پر تحریری درخواست بھی دی جس میں مندرجہ ذیل مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔

1۔ تاجر برداری پر بینکوںکے لین دین پر عائد جبری طور پر 0.6 فیصد ودھولڈنگ ٹیکس کی وجہ سے تاجر برادری شدید پریشانیوں سے دوچار ہیں،جس کے باعث معیشت تباہی کے کنارے پر پہنچ چکی ہے لہٰذا ودھولڈنگ ٹیکس کا فوری خاتمہ کر کے تاجر دوست اقدامات اٹھائے جائیں، 2۔سیپکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور صارفین کے بلوں میں ناجائز ڈیڈیکشن عوام کے ساتھ ظلم ہے، سیپکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ناجائز ڈیڈیکشن بلوں کے اجراء کا خاتمہ کیا جائے، 3۔

لب دریا آباد ہونے کے باوجود شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے، 4۔عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سکھر سول اسپتال میں کروڑوںروپے کے فنڈز ہونے کے باوجود عوام طبی سہولیات سے محروم ہیں، سکھر سول اسپتال میں صحت کی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،5۔

سکھر میں CPLC کا قیام عمل میں لایا جائے ، ۔ سکھر شہر میں صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص ہے، جبکہ نکاسی نظام بھی مفلوج رہنا روز کا معمول بن چکا ہے۔شہر میں صفائی ستھرائی اور مفلوج نکاسی نظام کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، 7۔ اناج و آئرن مارکیٹ کی شہر سے باہر منتقلی کے دوران پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں ریکارڈ بندر بانٹ کی گئی ہے، جس کی شفاف تحقیقات کراکر اصل اناج و آئرن مارکیٹ کے دکانداروں کو پلاٹ الاٹ کرکے حق و انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے، 8۔

سکھر شہر میں پارکنگ ایریا نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ ٹریفک جام کے عذاب کے خاتمے کیلئے پارکنگ ایریا قائم کیا جائے، 9۔ سکھر شہر میں شاہراہوں کی خستہ حالی کے باعث دھول مٹی اڑنا معمول بن چکا ہے، جس کے باعث تاجر اور شہری مختلف امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں، شاہراہوں کی تعمیر کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، 10۔

حکومت کی جانب سے سکھر میں یونیورسٹی کے قیام کے اعلان کو عملی جامعہ پہناتے ہوئے فوری طور پر یونیورسٹی قائم کی جائے، 11 ۔ حکومت کی جانب سے بیت المال کی امداد بند ہونے سے یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت میں بھی بیت المال انتظامیہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،لہٰذا فوری طور پر بیت المال کی امداد کو بحال کیا جائے، 12۔ سکھر بائی پاس پر نہر کنارے آباد مکینوں کے گھروں کو محکمہ ایریگیشن کی جانب سے مسمار کر کے مکینوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے۔ ہمارا آپ سے مطالبہ ہے کہ جس طرح بندر وال خالی کرانے کے دوران وہاں کی مکینوں کو متبادل جگہیں فراہم کرنے کیلئے معاوضہ دیا تھا اسی طرح نہر کنارے آباد مکینوں کے گھر مسمار کرنے سے قبل انہیں بھی متبادل جگہ یا معاوضہ فراہم کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات