پاک افغان کو مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،سکندرشیرپائو

منگل 23 اکتوبر 2018 23:03

پاک افغان کو مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،سکندرشیرپائو
پشاور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) قومی وطن پارٹی کے ایک نمائندہ وفد نے پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندر حیات خان شیر پائو کی قیادت میں پشاور میں متعین قائم مقام قونصل جنرل محمد ہاشم نیازی سے افغان قونصلیٹ پشاورمیںملاقات کی اور قندھارسانحہ پر افغان عوام اور حکومت سے ہمدردی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔

وفد میں قومی وطن پارٹی کے رہنماء اسد آفریدی ایڈوکیٹ،طارق احمد خان اور ڈاکٹر عالم یوسفزئی شامل تھے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سکندر شیرپائو نے قندہار سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، انہوں نے دونوں ہمسایہ ممالک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں امن دونوں ممالک کیلئے لازم و ملزوم ہے،لہذا امن کے قیام کیلئے دونوں ملکوں کو مثبت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم افغان حکومت کی ہمت اور حوصلے کو داد دیتے ہیں کہ اتنے بڑے نقصانات کے باوجود انہوں نے الیکشن ملتوی نہیں کئے۔انھوں نے افغانستان میں ہونے والے انتخابات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ امن کے قیام کیلئے جمہوریت کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ اب یہ وقت ہے کہ امتحان کی اس گھڑی میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ اچھے اور خوشگوار تعلقات قائم کرکے ایک دوسرے کے قریب آجائے تاکہ ان کے مابین موجود غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے اور دونوں ممالک قیام امن میں اپنا مثبت اور کلیدی کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے سانحہ میں شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی اور کہا کہ غم کی اس گھڑ میںقومی وطن پارٹی افغان حکومت اور متاثر خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔