صوبے میں ایگزیبیشن سنٹر کا قیام صنعت و تجارت کیلئے نیک شگون اور عوام کے لئے معاشی خوشحالی کی نوید ہے، عارف کھوسہ

منگل 23 اکتوبر 2018 23:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) پاکستان ایکسپو سنٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف کھوسہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ایگزیبیشن سنٹر کے لئے وفاقی حکومت چیمبر آف کامرس کے ساتھ جوائنٹ وینچر کی خواہش مند ہے ایگزیبیشن سنٹر کے قیام سے دنیا بھر اور ملک کے سرمایہ کار بلوچستان کی معدنیات، پھلوں ،سبزی جات، دستکاریوں اور دیگر سے روشناس ہوں گے بلکہ صنعت و تجارت پر بھی اس کے انتہائی مثبت نتائج مرتب ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے دورے کے موقع پر چیمبر کے عہدیداروں اور ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی سیکر ٹری انڈسٹریز پسند خان بھی موجود تھے گزشتہ روزپاکستان ایکسپو سنٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف کھوسہ اور سیکرٹری انڈسٹریز پسند خان ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ پہنچے تو چیمبر آف کامرس کے پیٹرن ان چیف غلام فاروق خان خلجی‘صدر جمعہ خان بادیزئی‘ سینئر نائب صدر صلاح الدین خلجی و دیگر نے ان کا استقبال کیاملاقات کے دوران چیمبر آف کامرس کے پیٹرن ان چیف غلام فاروق خان خلجی‘ صدر جمعہ خان بادیزئی‘ سینئر نائب صدر صلاح الدین خلجی نے صوبے میں ایگزیبیشن سنٹر کے قیام کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے صوبے میں صنعت و تجارت کے لئے نیک شگون اور عوام کے لئے معاشی خوشحالی کی نوید قرار دیا اور کہا کہ ایگزیبیشن سنٹر کا قیام چیمبر آف کامرس کوئٹہ کے عہدیداران اور ممبران کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے ہمیں خوشی ہے کہ اس سلسلے میں پاکستان ایگزیبیشن سنٹر کے چیف ایگزیکٹو عارف کھوسہ یہاں تشریف لائے ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ اس سلسلے میں اب کوئی لمحہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا اس موقع پر پاکستان ایکپو سنٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سی ای او عارف کھوسہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ایگزیبیشن سنٹر کے لئے وفاقی حکومت چیمبر آف کامرس کے ساتھ جوائنٹ وینچر کی خواہش مند ہے ایگزیبیشن سنٹر کے قیام سے دنیا بھر اور ملک کے سرمایہ کار بلوچستان کی معدنیات‘ پھلوں ‘سبزی جات‘ دستکاریوں اور دیگر سے روشناس ہوں گے بلکہ صنعت و تجارت پر بھی اس کے انتہائی مثبت نتائج مرتب ہوں گے انہوں نے کہا کہ ایگزیبیشن سنٹر کی تعمیر و دیگر سے متعلق چیمبر آف کامرس کے عہدیداران و ممبران کی تجاویز اور آرا کو اولیت دی جائے گی بلکہ ہم امید رکھتے ہیں کہ چیمبر آف کامرس ایگزیبیشن کے لئے جوائنٹ وینچر کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز نے چیمبر کے عہدیداران و ممبران کو بوستان انڈسٹریل اسٹیٹ کے پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔