حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ایک عظیم صوفی بزرگ اور عالمی سطح کے شاعر ہیں ، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ

بدھ 24 اکتوبر 2018 00:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ایک عظیم صوفی بزرگ اور عالمی سطح کے شاعر ہیں، جنہوں نے اپنے دور کے حالات و واقعات، معاشرتی اور معاشی صورتحال ، عوام کے جذبات اور تصوف کو واضح انداز میں اپنی شاعری میں پیش کیا ہے۔منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 275 ویں سالانہ عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی نے عوام کو پیش آنے والے مسائل کے ساتھ ساتھ اپنے دور کی تاریخ ، سیاسی واقعات اور عالمی صورتحال کو اپنی شاعری میں سمو لیا ہے جبکہ ان کا کلام آفاقی نوعیت کا ہے کیونکہ انہوں نے اپنی شاعری میں سندھ اور سندھ کے عوام سمیت پوری دنیا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نئے نسل خاص طور پر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو مکمل کرنے کے لیے بھرپور توجہ دیں اور محنت ، جدوجہد کو اپنے کیرئیر کا حصہ بناتے ہوئے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے پیغام کی پیروی کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے سالانہ عرس کے موقع پر درگاہ کی سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کی بھی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :