پی آئی ڈی میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، خوش قسمتی سے پی آئی ڈی کا ریکارڈ محفوظ رہا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری کی پی آئی ڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 24 اکتوبر 2018 18:31

پی آئی ڈی میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے سیکرٹری اطلاعات و ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں آتشزدگی کے حوالے سے کہا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کے لئے سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، پی آئی ڈی کا ریکارڈ خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے پی آئی ڈی کے باہر وقوعہ کے معائنہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی ڈی کی عمارت کرایہ پر حاصل کی گئی ہے جسے کچھ عرصہ تک خالی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آگ سوشل میڈیا سینٹر میں لگی جس کی وجوہات جاننے کے لئے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، کمیٹی کا سربراہ سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل کو بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی ایک تفصیلی رپورٹ تیار کر کے جلد از جلد پیش کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الله کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پی آئی ڈی کا تمام ریکارڈ محفوظ ہے، یہ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو آتشزدگی کے واقعہ کے حقائق جاننے کے لئے ہر طرح کا اختیار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ بھی لگایا جائے گا۔