ایبٹ آباد پولیس کی پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں مجمع خلاف قانون کو منتشر کرنے کے حوالے سے خصوصی مشقیں

بدھ 24 اکتوبر 2018 23:09

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2018ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں مجمع خلاف قانون کو منتشر کرنے کے حوالے سے خصوصی مشقیں کی گئیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ایس پی سونیا شمعروز کی سربراہی میں پولیس لائن ہیڈکوارٹر ایبٹ آباد میں خصوصی مشقوں کا اہتمام کیا گیا جس میں جوانوں کو مجمع خلاف قانون کو ہینڈل کرکے منتشر کرنے یا کسی بھی شرپسند عناصر یا ٹولے کی جانب سے ہونے والی کسی بھی قسم کے غیر قانونی مظاہرے یا احتجاج سے بخوبی نمٹنے کے لیے ڈی ایس پی وو یمن نازیہ نورین ، آر آئی لائن انسپکٹر فضل الرحمن خان کی سربراہی میں انٹی رائیڈ سکواڈ کے تربیت یافتہ جوانوں اور لیڈیز پولیس کے دستوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مشقوں کے دوران پولیس لائن ہیڈکوراٹر ایبٹ آباد کے ریزرو جوانوں اور خواتین نے مجمع خلاف قانون میں فرضی طور پر مظاہرین کا کردار اداکیا جنہوں نے فرضی طور پر مظاہرین کے طور پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس پر پولیس کی طرف سے انہیں مزاکرات کا پیغام دینے کے بعد احتجاج ختم نہ کرنے کی صورت میں فرضی مشق کر کے متشر کیا گیا ۔ مشق کے دوران ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت موقع پر موجود رہے اس دوران افسران اور جوانوں سے خطاب کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے کہا کہ زمانہ امن میں ہونے والی تربیتی مشقیں ہی عملی میدان میں سکیورٹی فورسز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں قانون اور ریاست کی رٹ قائم کرنے میں پولیس فورس کو عصر حاضر کی جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اس سے استفادہ حاصل کر کے شر پسند عناصر کی جانب سے عوام الناس کی املاک اور سرکاری و عوامی تنصیبات کا بخوبی احسن طریقے سے دفاع کرنے کے لیے ضلع بھر کے مختلف تھانہ جات میں مظاہرین کیساتھ اینٹی رائیڈ کی تربیتی مشقیں جاری رہیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے جوان ذہنی اور جسمانی طور پر تیار رہیں۔