سندھ دھرتی اولیاء اور صوفیائے ا کرام کی سرزمین ہے جہاں سے انسانیت کے لئے بلا رنگ و نسل، مذہب پیار محبت اور امن کا درس ملتا ہے، گورنر سندھ

بدھ 24 اکتوبر 2018 23:45

سندھ دھرتی اولیاء اور صوفیائے ا کرام کی سرزمین ہے جہاں سے انسانیت کے ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ دھرتی اولیاء اور صوفیائے ا کرام کی سرزمین ہے جہاں سے انسانیت کے لئے بلا رنگ و نسل، مذہب پیار محبت اور امن کا درس ملتا ہے، پیار و محبت سندھ کا زیور ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ بھٹ شاہ کی برکات کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی مہربانی و کرم اسی طرح ہم پر ہوتا رہے گا، اگر ہم شاہ عبداللطیف بھٹائی کے دیئے ہوئے پیغام پر چلیں گے تو ہمیں کامیابی نصیب ہوگی۔

وہ بھٹ شاہ میں حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 275 ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا درگاہ پر چادر چڑھا کر افتتاح کرنے کے بعد درگاہ کے احاطے میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف فراز ڈیرو، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف منور علی مہیسر، ڈی سی مٹیاری پرویز احمد بلوچ، ایس ایس پی مٹیاری سید زاہد حسین شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ بھٹ شاہ کو مذہبی سیاحتی علاقے میں تبدیل کیا جائے تاکہ ناصرف اندرون بلکہ بیرون ملک سے بھی سیاح آکر یہاں سے استفادہ کرسکیں، ہماری کوشش ہے کہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر عوام کے فلاح و بہبود کے لئے کام کریں اور سندھ میں بھی تبدیلی لائیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میری طرف سے زائرین کو درگاہ میں آنے سے روکنے کی کوئی بھی ہدایت نہیں دی گئی ہے جبکہ پہلی مرتبہ افتتاح کے موقع پر بھی مزار پر زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن کی حالیہ ملاقات سے متعلق ایک سوال پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ایسی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا۔

قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے درگاہ کے احاطے میں شاہ جو راگ سنا اوردرگاہ کے احاطے میں ہاتھ سے لکھے ہوئے تاریخی و نایاب قرآن پاک کے نسخے اور شاہ جو رسالو کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر گورنر سندھ نے غریب اور مستحق خواتین میں کپڑے اور دیگر تحائف تقسیم کئے۔