بجلی کے بار بار بریک ڈائون کی ذمہ دار کے الیکٹرک کے نااہل ، ناجائز منافع خور انتظامیہ ہے ، ابو بکر عثمان

حکومت نے اس کرپشن کی تحقیقات کرنے کے بجائے صارفین پر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے بدترین ظلم کیا ہے ، یہ اضافہ واپس لیا جائے، ڈائریکٹر پاسبان پبلک ایشوز کمیٹی

جمعرات 25 اکتوبر 2018 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2018ء) پاسبان پبلک ایشوز کمیٹی کے ڈائریکٹر ابوبکر عثمان نے کراچی میں بار بار ہونے والے بجلی کے بریک ڈائون کا ذمہ دار کے الیکٹرک کی نااہل اور ناجائز منافع خور انتظامیہ کو قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے شہر سے تانبے کی 2ہزار روپے فی کلو والی تاریں نکال کرسلور کی 6سو روپے فی والی تاریں لگائی ہیں جو لوڈ اٹھا نہیں سکتیں اور شہر میں بار بار بجلی کا بریک ڈائون ہورہا ہے۔

حکومت نے اس کرپشن کی تحقیقات کرنے کے بجائے صارفین پر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے بدترین ظلم کیا ہے ، یہ اضافہ واپس لیا جائے۔نیپرا کے الیکٹرک پر ریگولیٹری اتھارٹی ہونے کے باجووکوئی کردار ادا نہیں کررہی ۔حکومت نے عوام کو اگر ریلیف نہ دیا تو حکومت کے خلاف مختلف محاذوں کو تقویت ملے گی۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی حکومت ہوش کے ناخن لے ۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ابوبکر عثمان نے کہا کہ کے الیکٹرک نے تانبے کی تاروں کے ذریعے بہت بڑا کرپشن کیا ہے۔

کراچی بھر سے نکالی گئی ان تانبے کی تاروں کا حساب لگایا جائے تو اربوں روپے رقم بنتی ہے ، یہ رقم کہاں گئی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر بجلی گرادی ہے مگر بجلی کی تقیسم کار کمپنیوں کی کرپشن ،ایسڈ ،ایوریج بلنگ کی روک تھام کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ کے الیکٹرک ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن کی مینٹیننس بھی نہیں کررہی ۔

کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں لگائی گئی سلور کی تاروں سے بجلی کے میٹر چیتے کی طرح بھاگ رہے ہیں ۔ ایسی صورتحال میں پہلے کے الیکٹرک کی کرپشن کی تحقیقات کی جانی چاہئے تھی اس کے بعد کے الیکٹرک کو بجلی کے نرخوں میں مناسب اضافے کی اجازت دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین چور نہیں بلکہ کے الیکٹرک خود ڈاکو ہے اور شہریوں کو گذشتہ برسوں سے لوٹ رہی ہے ۔

حکومت نے بھی بجلی کی تقسیم کا رکمپنیوں کا ساتھ دینا شروع کیا ہے جو صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بار بار بجلی کا بریک ڈائون شہریوں کے سکون ،تاجروں کے کاروبار ، تعلیم حاصل کرنے والوںکی تعلیم اور مریضوں کی زندگیوں کو تباہ کررہا ہے ۔ کے الیکٹرک کے شیئر ہولڈر زاور سرپرستی کرنے والے حکومت میں بیٹھے ہوئے وہ سیاستدان ہیں جو کے الیکٹرک سے انتخابی مہمات میں بھاری فنڈ وصول کرکے کی ظلم و زیادتیوں پر مسلسل چشم پوشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ کے الیکٹرک کی کمیشن مافیا سیاستدانوں کی وجہ سے آج صارفین مہنگی بجلی ، بریک ڈائون ، بدترین لوڈشیڈنگ ،ایسڈ بل ،ایوریج بل کوبھگت رہے ہیں