Live Updates

لاہور ہائیکورٹ ، وزیر اعظم عمران خان کی عام انتخابات میں کامیابی کے خلاف انتخابی عذداری پر فریقین کے وکلا بحث کیلئے طلب

عمران خان کی کامیابی کو ان کے مخالف امیدوار نے چیلنج کیا ہے

جمعرات 25 اکتوبر 2018 22:19

لاہور ہائیکورٹ ، وزیر اعظم عمران خان کی عام انتخابات میں کامیابی کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کی عام انتخابات میں کامیابی کے خلاف انتخابی عذداری پر فریقین کے وکلا کو بحث کیلئے طلب کرلیا ہے . عمران کی کامیابی کو ان کے مخالف امیدوار نے چیلنج کیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے عمران خان کے مد مقابل پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے امید وار عبدالوہاب بلوچ کی انتخابی عذداری پر سماعت کی جس میں وزیر اعظم عمران خان کی عام انتخابات میں کامیابی کو چیلنج کیا گیا۔

انتخابی عذداری میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی اور ان کے انتخابات لڑنے کی اہلیت پر اعتراضات اٹھائے گئے۔ عمران خان کے وکیل نے انتخابی عذداری کو ناقابل سماعت قرار دیا اور واضح کیا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں تمام معلومات فراہم کی ہیں اس عذرداری کو مسترد کیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب درخواست گزار کے وکیل مبین قاضی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنے بچوں کے بارے میں تمام معلومات فراہم نہیں کی اس لیے کاغذات نامزدگی میں اپنے تمام معلومات فراہم نہ کرنے کی وجہ سے انتخاب لڑنے کے اہل نہیں ہیں ۔

درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے پر صادق اور امین نہیں رہے اس لیے این اے 95 سے ان کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائی. انتخابی عذداری پر مزید کارروائی 2 نومبر کو ہوگی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات