حکومت سندھ تھر کے 50 ہزار خاندانوں میں راشن بیگس مفت تقسیم کریگی۔ مرتضیٰ وہاب

جمعہ 26 اکتوبر 2018 00:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی تھر کیلئے ایک مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور اس سلسلے میں تھر کے باسیوں کے لئے خوراک کی فراہمی کیلئے ایک مربوط پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس پر عملدرآمد آئندہ ہفتے (پیر سی) شروع ہونے کا امکان ہے، اس پروگرام کے ذریعے 50 ہزار خاندانوں کو راشن بیگ مفت تقسیم کئے جائیں گے اور ایک بیگ کی مالیت ساڑھے چار ہزار روپے ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ حکومت سندھ تھرپارکر کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اسی سلسلے میں حکومت سندھ راشن بیگ کی تقسیم پر ماہانہ 22 کروڑ روپے سے زائد خرچ کرے گی، ہم ایسے اقدامات اٹھا رہے ہیں کہ جس سے تھر میں شرح اموات کم ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راشن بیگس کی مفت تقسیم صحرائے تھر کے باسیوں کیلئے سندھ حکومت کا ایک بڑا اقدام اور تحفہ ہے۔

اس پروگرام کے شروع کرنے کا مقصد تھر میں غذائی قلت کو دور کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مفت تقسیم کئے جانے والے راشن بیگس میں اشیاء ضروریہ کے ساتھ دیگر قوت بخش خوراک بھی شامل ہو گی۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 50 ہزار خاندانوں کی نشاندہی نادرا اور دیگر اداروں کی مدد سے کی گئی ہے، راشن بیگس کی تقسیم کا پائلٹ پروجیکٹ ابتدائی طور پر تین ماہ کیلئے ہوگا اور اس پروگرام کے شروع کرنے کا مقصد یہ بھی ہے کہ تھر کی خواتین اور بچوں میں غذائی کمی کو دور کیا جا سکے کیوں کہ بہتر خوراک ماں اور بچے کیلئے لئے انتہائی ضروری ہے۔ مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد اور فی خاندان 50 کلو گرام گندم کی تقسیم اس پروگرام کے علاوہ ہیں۔