چین اسلام آباد میں ہائی ٹیک اقتصادی زون اور ایم ایل ون میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، سی پیک سیکرٹریٹ

جمعہ 26 اکتوبر 2018 12:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2018ء) امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث چین سمیت کئی غیر ملکی سرمایہ کار قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، چین وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہائی ٹیک خصوصی اقتصادی زون اور ایم ایل ون میں سرمایہ کاری کرناچاہتا ہے کیونکہ یہاں پر تحقیی وترقی کے شعبہ کے لئے انسانی وسائل کی فراوانی ہے، چینی کمپنیاں مقامی افرادی قوت کو ہنر مند بنانے میں مدد کریں تاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) سے خاطر خواہ معاشی فوائد حاصل کئے جاسکیں جس سے نہ صرف جنوب مشرقی ایشیا کے خطے کی ترقی ہوگی بلکہ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کو بھی یقینی بنایاجا سکے گا۔

سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام کے مطابق چینی کمپنیاں مقامی افرادی قوت کو تربیت فراہم کرکے ان کی استعداد کار میں اضافہ کو یقینی بنانے میں معاونت فراہم کریں گے ۔

(جاری ہے)

سی آر سی سی کے نائب صدر نے گزشتہ روز ایم ایل ون منصوبہ کے پاکستان کی معیشت پر مثبت اقتصادی اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ تذویراتی منصوبوں میں سے ایک ہے جو تکنیکی طور پرمناسب ہے۔ منصوبہ کی تکمیل سے نہ صرف پشاور تا کراچی ریل کے سفر میں آسانیاں پیدا ہوں گی بلکہ اس سے تجارتی سامان کی ارزاں نرخوں پر ترسیل میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایل ون کے علاوہ کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ کراچی کے مقامی افراد کی فلاح و بہبود کا منصوبہ ہے۔