Live Updates

سی پیک دونوں ممالک کے مابین تعلقات کا کلیدی حصہ ہے،چین سفیر

بعض بیرونی قوتوں کو پاک ، چین دوستی کو برداشت نہیں کرتی اور اس کے خلاف پراپیگنڈ ہ کررہی ہیں، ژائو جنگ کی چینی سفارتخانے میں سی پیک سے متعلق میڈیا بریفنگ

جمعہ 26 اکتوبر 2018 20:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2018ء) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر ژائو جنگ نے کہا ہے کہ پاکستان ، چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) دونوں ممالک کے مابین تعلقات کا کلیدی حصہ ہے،بعض بیرونی قوتوں کو پاک ، چین دوستی کو برداشت نہیں کرتی اور اس کے خلاف پراپیگنڈ ہ کررہی ہیں۔ جمعہ کے روز چینی سفارتخانے میں سی پیک سے متعلق میڈیا بریفنگ کے دوران چینی سفیر نے بتایا کہ شی پیک سے پاکستان اور چین کا مستقبل وابستہ ہے، بیر ونی قوتوں کو پاکستان اور چین کے درمیان تعاون، تعلقات اور دوستی کھٹکتی ہے ۔

سی پیک اقتصادی و صنعتی تعاون کا کلیدی حصہ ہے، چین نئی حکومت کے ساتھ ملکر پاکستان میں معاشی، سماجی اور خارجہ پالیسی کی ترقی چاہتا ہے، پاکستان خطے میں اہمیت کا حامل ملک ہے اور مضبوط معاشی پاکستان، عوام اور خطے کے لیے اہم ہے، پاکستان کی حکومت علاقائی امن و استحکام کے لیے مثبت اور متحرک ہے۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے کہا کہ سی، پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں خوشحالی کی ضمانت ہے ، دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کیلئے چین پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کا عزم رکھتا ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے حوالے سے چین کے سفیر نے افغان امن کے لیے کلیدی تجاویز دیں، چین خطے میں امن اور بہترین ہمسائیگی کے وژ ن میں پاکستان کے ساتھ ہے، پاک اور چین تعلقات کا دائرہ کار انتہائی وسیع ہے، دونوں ممالک سماجی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی و ثقافتی ترقی کے لیے یکجا ہیں، خطے میں امن وامان اور استحکام کیلئے دونوں ممالک مثبت سوچ رکھتے ہیں، لہذاضروری ہے کہ دونوں ممالک پالیسی سطح پر باہمی اشتراک اور تعاون سے آگے بڑھیں گے۔

چینی سفیر ژائو جنگ نے کہا کہ آئندہ ماہ کے شروع میں وزیراعظم عمران خان شنگھائی کانفرنس میں مہمان خصوصی ہوں گے، وزیر اعظم کا چین کا دورہ ایک تاریخی دورہ ہوگا۔نیا پاکستان، چین اور بین الاقوامی دنیا کے لیے اہم ہے،چین ، پاکستان کے اقتصادی مسائل سے آگاہ ہیں، پاکستان کی تکنیکی، معاشی اور صنعتی استعداد کار میں اضافے کے لیے تعاون کریں گے، چین کی بڑی معاشی و تجارتی منڈی پاکستان کے لیے کلیدی فائدہ پہنچا سکتی ہے۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان پر چین کے اعتماد کا مظہر ہے، پاکستان کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔ چینی صدر سی پیک سے متعلق تحفظات دور کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ انہوںنے واضح کیا کہ سی پیک ’ون روڈ اینڈ ون بیلٹ‘ منصوبے کا حصہ ہے، سی پیک صرف چین کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ صرف چینی کمپنیاں سی پیک سے فائدہ اٹھا رہی ہیں، سی پیک پر معلومات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، سی پیک پر پاکستان اور پاکستانیوں کے تمام خدشات کا ازالہ کریں گے۔

چینی سفیر نے بریفنگ میں بتایا کہ سی پیک کے 22 منصوبوں پر 19 ارب ڈالر خرچ کر رہے ہیں، پاکستان کی تیار کنندہ صنعت اور برآمدات کو بہترین بنانا اور بڑھانا چاہتے ہیں، دنیا کی کچھ طاقتیں چین کو ابھرتا ہوا خوشحال ملک نہیں دیکھنا چاہتیں جب کہ کچھ قوتوں کو پاکستان اور چین کے درمیان تعاون، تعلقات اور دوستی کھٹکتی ہے اور دونوں ممالک علاقائی تعاون و ترقی کے لیے یکساں طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔سی ، پیک سے متعلق چین کے ترجمان لی جین ژائو نے سی پیک میں جاری منصوبوںسے متعلق بریفنگ بھی دی اور سی، پیک کے منصوبوں پر کام کرنے والی چینی کمپنیوںنے منصوبوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیل سے میڈیا کا آگا ہ کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نامہ نگار
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات