کوہاٹ میںکلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت صفائی کا کام زور وشور سے جاری

صفائی کی حالت کو مزید بہتر بنانے کے لئے جامع پلان تشکیل

جمعہ 26 اکتوبر 2018 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2018ء) کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو کامیاب بنا نے کیلئے واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی کوہاٹ نے اپنے دائرہ کار کے اندرصفائی کی حالت کو مزید بہتر بنانے کے لئے ایک جامع پلان تشکیل دیا ہے جس پر گذشتہ ہفتے سے کام تیزی سے جاری ہے۔اس پلان کے تحت ہر نیبر ہوڈ کی سطح پر 15 رکنی سینیٹیشن سٹاف ایک ہفتے کے لئے اپنی روٹین کی صفائی کے علاوہ نالیوں اور گلی محلوں کی صفائی میں مصروف رہے گا۔

اس پلان کے تحت ابھی تک میر احمد خیل اور میا ںگان کالونی میں کام کیا جا چکا ہے جس کی باقاعدہ نگرانی ڈبلیو ایس ایس سی کے افسران کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ کوہاٹ کے جدید علاقے کوتل ٹاون شپ(کے ڈی ای) میں بھی افسران کی نگرانی میں روزمرہ کی صفائی کے علاوہ دن 12 سے 2بجے تک مختلف سیکٹرز میں صفائی کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں صفائی کے علاوہ عوام میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کی ٹیم مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عوام سے اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔

اس سلسلے میںگزشتہ روز شہر بھر میں کوڑے کو اگ لگانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ڈبلیو ایس ایس سی کے افسران ،میڈیا منیجر عاصمہ علی ،اسسٹنٹ منیجر میڈیا جواد آفرید ی اور اسسٹنٹ منیجر فخر عالم نے پرانے لاری اڈہ کا وزٹ کیا اور عوام ، ٹرانسپوٹرز اور تاجر براداری سے استدعا کی کہ وہ کوڑے اور کچرے کو آگ لگانے سے گریز کریں کیونکہ کچرے کو آگ لگانا نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت کے لئے بھی مضر ہے۔

کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت کوہا ٹ کے مختلف علاقوں اور بڑی شاہراوں پر بینرز بھی آویزاں کئے جارہے ہیں جس میں صفائی کے حوالے سے پیغامات درج ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کے کمپلینٹ نمبرز بھی ان بینرز پر درج ہیں جن پر عوام بھی رابطہ کرکے صفائی اور نکاسی آب کے حوالے سے اپنی شکایات درج کرسکتے ہیں جس پر 24 گھنٹوں کے اند ر کاروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :