کینیڈین ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی ٹیچرز کے ڈائریکٹر کی صدر فپواسا سے ملاقات

جمعہ 26 اکتوبر 2018 21:32

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2018ء) کینیڈا اور پاکستان ایک دوسرے کے نظام تعلیم سے استفادہ کرتے ہوئے، یونیورسٹی اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے میں ایک دوسرے کی مدد کریں گے، اس سلسلے میں کینیڈا پاکستانی یونیورسٹی اساتذہ کی پروفشنل گروتھ اور تکنیکی مہارت بڑھانے میں مدد دیگا، یہ بات کینیڈ ین ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی ٹیچرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسٹر ڈیوڈ روبننسن نے فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محبوب حسین سے ایک ملاقات میں کہی، جس کا اہتمام چیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر طارق بنوری کی ہدایت پرایچ ای سی کے لرنگ انوویشن ڈویژن نے کیا تھا، تقریبا چالیس منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات میں صدر فپواسا نے پاکستانی یونیورسٹی اساتذہ کو درپیش چیلنجز اور پاکستانی جامعات کے نظام کے بارے میں بتایا اور دونوں ملکوں کے درمیان اعلی تعلیم کے شعبے میں تعاون کے مختلف پہلووں پر بات چیت کی ، طے پایا کہ فپواسا اور کینیڈا کی یونیورسٹی ٹیچر ایسوسی ایشن ایچ ای سی کے تعاون سے باہمی تعاون کے ایک سمجھوتے پر بھی دستخظ کریں گے، جس کے تحت پاکستانی اور کینیڈا کے یونیورسٹی اساتذہ کو ایک دوسرے کے ملک میں مدعو کیا جائیگا۔