Live Updates

آئندہ ماہ ایکسپو سینٹر میں 10 ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ساڑھے تین کروڑ لاگت سے ایکسپو سینٹر کی اندرونی اور بیرونی سڑکوں کی کارپیٹنگ کا کام انجام دیا ہے،میئر کراچی وسیم اختر

جمعہ 26 اکتوبر 2018 23:07

آئندہ ماہ ایکسپو سینٹر میں 10 ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے ایکسپو سینٹر کی اندرونی اور بیرونی سڑکوں کی کارپیٹنگ کا کام انجام دیا ہے تاکہ آئندہ ماہ ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والے 10 ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار (آئیڈیاز 2018 )کو شایان شان انداز میں منعقد کیا جاسکے، یہ ایک قومی ایونٹ ہے اور ہم نے اس کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے اشتراک سے ایکسپو سینٹر کے اطراف اور شہر کے دیگر حصوں میں گرین بیلٹ اور سڑکوں کو بھی خوبصورت بنانے کی مہم شروع کی ہوئی ہے، کراچی کے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ آئیڈیاز 2018 میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں اور اس ایونٹ کو اس انداز سے منعقد کریں کہ بین الاقوامی دنیا کو ہماری دفاعی مصنوعات اور ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل ہوسکے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام ایکسپو سینٹر کی اندرونی اور بیرون سڑکوں کی کارپیٹنگ کے معائنہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلدیہ شرقی کے چیئرمین معید انور، وائس چیئرمین عبدالرئوف، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ آئیڈیاز 2018 ء کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں کراچی کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کو ذمہ داریاں سونپی گئیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے، آئیڈیاز 2018 میں تقریباً 50 کے قریب دیگر ممالک کے وفود شرکت کریں گے، کراچی کے شہری اس ایونٹ کے میزبان ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا میں اچھا پیغام جائے اور ہماری دفاعی صنعت کے تیار کردہ ہتھیار اور دیگر آلات دنیا کے سامنے لائے جائیں، اس سے دنیا کو ہماری دفاعی صلاحیتوں کا علم ہوگا اور ہمارا تیار کردہ اسلحہ دنیا بھر میں مارکیٹ ہوگا اس سے ہمارے فارن ایکسچینج میں اضافہ ہوگا جس کی آج ملک کو ضرورت ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہر میں جہاں جہاں انکروچمنٹ موجود ہے ہم انہیں ہٹا رہے ہیں اور اس معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، صدر کے علاقے ایمپریس مارکیٹ کو ماڈل بنا رہے ہیں،دکانداروں سے بھی درخواست ہے کہ اپنی دکانوں کے آگے تجاوزات قائم نہ ہونے دیں، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے، وزیراعظم عمران خان سے درخواست کروں گا کہ وفاقی حکومت کے فنڈز سے کراچی میں جاری ٹرانسپورٹ کے منصوبے جلد از جلد مکمل کئے جائیں تاکہ شہریوں کو سہولت ہو، انہوں نے کہا کہ چائنا گرائونڈ سے تجاوزات کو ہٹا دیا ہے جہاں اس سے پہلے ٹرک کھڑے کئے جارہے تھے، اب وہاں شہریوں کے لئے پارک بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کو ایک بڑے پیکیج کی ضرورت ہے ہماری کوشش ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ ترقی کے کام ہوں اور عوامی مسائل تیزی سے حل ہوں جس کے لئے ہر سطح پر کوششیں جاری ہیں، بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر گلشن اقبال بلاک8- بیت المکرم مسجد کے عقب میں تعمیر کی جانے والی سڑکوں کا بھی معائنہ کیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔

#
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات