عالمی شہرت کے حامل دُبئی فٹنس چیلنج کا آغاز ہو گیا

اس فٹنس چیلنج کی شروعات گزشتہ برس ولی عہد شیخ حمدان کی ہدایت پر کی گئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 27 اکتوبر 2018 14:16

عالمی شہرت کے حامل دُبئی فٹنس چیلنج کا آغاز ہو گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اکتوبر2018ء) دُبئی والوں کو بیماری اور موٹاپے سے نجات مِل سکتی ہے اگر وہ گزشتہ روز شروع ہونے والے دُبئی فٹنس چیلنج کے دُوسرے ایڈیشن میں حصّہ لینے کی ٹھان لیں۔ یہ فٹنس چیلنج ایک ماہ پر محیط ہے۔ جس میں اس بار تقریباً دس لاکھ لوگوں کو مختلف جسمانی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے ترغیب دینے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔

اس فٹنس چیلنج میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ تیس دِن تک مختلف جسمانی مشقتوں میں مصروف نظر آئیں گے۔ اس اقدام کا مقصد دُبئی کے شہریوں کو صحت مند اور چُست درست بنانا ہے۔ اس فٹنس چیلنج کا آئیڈیا دُبئی کے ولی عہد اور چیئرمین ایگزیکٹو کونسل شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے گزشتہ سال دیا گیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال اس کے پہلے ایڈیشن کے موقع پر لاکھوں لوگوں نے اس میں شرکت کی۔

اس آئیڈیا کی بھرپور پذیرائی کومد نظر رکھتے ہوئے رواں سال اس کا دُوسرا ایڈیشن شروع ہوا ہے۔ اس حوالے سے شیخ حمدان کی جانب سے دُبئی کے رہائشیوں کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں وہ کہتے ہیں ’’میں آپ کو دُبئی فٹنس چیلنج کا حصّہ بننے کا چیلنج دیتا ہوں۔‘‘ اس فٹنس چیلنج کی مقبولیت امارات سے باہر دُنیا بھر کے خطوں تک پہنچ چکی ہے۔

مشہور بالی وڈ سٹار شاہ رُخ خان نے بھی اپنے ایک پیغام میں لوگوں کو اس چیلنج میں شرکت کی ترغیب دی ہے۔ اس فٹنس چیلنج میں یوگا سیشن، رکاوٹوں کا کورس، دیوار پر چڑھائی، فٹ بال ٹینس، فیفا ورلڈ کپ ایکٹیویشن، ٹریڈ وال، ٹارگٹ فٹ بال، کراس بار چیلنج، ڈانس، زُمبا کلاسز کے علاوہ برازیلین جیو جِتسو، موائے تھائی، باکسنگ اور ایم ایم اے سیشنز جیسی جسمانی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔

بچوں کے لیے ٹریمپولائن، سنُوک بال اور بُوٹ کیمپ کے سیشنز ہیں۔ جبکہ فیسٹیول بے پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک سائیکل چیلنج بھی شامل ہے۔ اس فٹنس چیلنج کے تحت مجموعی طور پر تین ہزار فٹنس سیشن کا انعقاد ہو گا ۔ چالیس فٹنس ایونٹس مختص کیے گئے ہیں جن میں دُبئی انٹرنیشنل ٹرائیا تھیلون، دی کلر رن اور یوگا فیسٹ بھی شامل ہیں۔ 2017ء کے دُبئی فٹنس چیلنج میں تمام عمر کے تقریباً 786,000 افراد نے شرکت کی تھی۔