خاشقجی کا بھیانک قتل امریکہ کے لیے ناقابل برداشت ہے ،ْ پینٹاگون چیف

امریکہ ایک صحافی خاشقجی کو اس قدر بے رحمی اور مجرمانہ طریقے سے خاموش کرنے کو برداشت نہیں کرتا ،ْ جم میٹس

ہفتہ 27 اکتوبر 2018 15:20

منامہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2018ء) پینٹاگون کے چیف جم میٹس نے عرب رہنمائوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ استنبول میں سعودی عرب قونصل خانے کے اندر سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر ہم سب کو تشویش ہونی چاہیے۔بحرین کے دارالحکومت منامہ میں عرب فورم کے ایک اجلاس میں جم میٹس نے کہا کہ امریکہ ایک صحافی خاشقجی کو اس قدر بے رحمی اور مجرمانہ طریقے سے خاموش کرنے کو برداشت نہیں کرتا۔

انہوںنے کہاکہ کسی ملک کی عالمی اقدار کی پیروی میں ناکامی سے خطے کا استحکام مجروح ہوتا ہے جبکہ ایک ایسے وقت میں جب خطے کو اس کی اشد ضرورت ہے۔میٹس نے کہا کہ ہم سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کے بیان کے مطابق امریکہ کا تحفظ کرتے ہوئے اور قتل کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کے دونوں اقدامات پر قائم رہیں گے۔

(جاری ہے)

فورم میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے سیکریٹری آف اسٹیٹ پہلے ہی ویزوں کو منسوخ کر چکے ہیں اور اضافی اقدامات بھی کریں گے۔

سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی ای) نے دو روز قبل ترکی کے دورے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس حوالے سے ہونے والی تفتیش پر تازہ صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔ترک میڈیا کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس افسران کو خاشقجی کے قتل کے حوالے سے قونصل خانے والے حاصل کیا گیا ویڈیو اور آڈیو ریکارڈ دکھایا گیا۔خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے سخت ناقد تصور کیے جانے والے جمال خاشقجی کے قتل سے عالمی طور پر سعودی عرب کے خلاف ردعمل دیا گیا تھا اور ریاض سے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے جبکہ امریکہ خطے میں ایران کو محدود کرنے کے لیے سعودی عرب کا اتحادی ہے۔