Live Updates

اربوں روپے کا غبن کرنیوالے این آر او کرکے حکومت میں بیٹھے ہیں،اپوزیشن کو نیب کے ذریعے شکنجے میں پھنسایا جا رہا ہے‘مولانا فضل الرحمن

نیب سیاسی انتقام کا ادارہ ہے،تحریک انصاف سے متفق ہونیوالے حکومت میں ہیں ،اختلاف کرنیوالوں کیخلاف مقدمات بنائے جارہے ہیں اسرائیلی طیارے کی آمد پر مکمل خاموشی ہے،حکومت پوزیشن واضح کرے‘ سربراہ جے یو آئی (ف) کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 27 اکتوبر 2018 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2018ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ حکومت ناجائز ہے اور اپوزیشن کو نیب کے ذریعے شکنجے میں پھنسایا جا رہا ہے جبکہ اربوں روپے کا غبن کرنیوالے این آر او کرکے حکومت میں بیٹھے ہیں،تحریک انصاف سے متفق ہونے والے حکومت میں ہیں اور اختلاف کرنے والوں کے خلاف مقدمات بنائے جارہے ہیں،اسرائیلی طیارے کی آمد پر مکمل خاموشی ہے،حکومت پوزیشن واضح کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں پارٹی کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یہ حکومت ناجائز ہے، زیرزمین حرکتیں سامنے آرہی ہیں، عمران خان ایک طرف کہتے ہیں کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا دوسرے طرف کہتے ہیں نیب آزاد ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

نیب کا ادارہ مشرف دور میں بنایا گیا یہ احتساب کا نہیں بلکہ سیاستدانوں کے خلاف سیاسی انتقام کا ادارہ ہے،اب بھی اپوزیشن کو نیب کے ذریعے شکنجے میں پھنسایا جا رہا ہے، تحریک انصاف سے متفق ہونے والے حکومت میں ہیں اور اختلاف کرنے والوں کے خلاف مقدمات بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ حکومت میں چلے گئے ان کے ساتھ این آراو ہو چکا ہے، اربوں کے غبن کرنے والے پی ٹی آئی میں جا چکے، ان کے ساتھ این آراو ہو چکا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پچھلے دو ماہ میں قوم پر پہاڑ گرائے گئے ہیں، اپوزیشن کا اتحاد بنا کر قوم کی آواز بننا چاہتے ہیں، عوام کی مضبوط اور مستحکم آواز بنیں گے لیکن جلد بازی اور عجلت میں کوئی کام نہیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آصف زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات ہو چکی ہے جبکہ کوشش ہے کہ نوازشریف سے بھی جلد ملاقات ہوجائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی طیارے کے پاکستان آنے بارے خبر پر سوشل میڈیا پر بہت ہنگامہ ہے۔اس حوالے سے مکمل خاموشی ہے اورحکومت وضاحت نہیں دے رہی ،یہ ساری صورت حال بڑی گھمبیر ہے، حکومت کو چاہیے کہ اپنی پوزیشن واضح کرے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات