Live Updates

اسرائیلی طیارے کا ایئرپورٹ پراترنا ناممکن نہیں، آصف زرداری

میرے پاس اسرائیلی طیارے سے متعلق ابھی کوئی معلومات نہیں ہیں، لیکن اسرائیلی جہاز کا اترنا ناممکن نہیں ہے۔ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی کی لاہورمیں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 اکتوبر 2018 20:12

اسرائیلی طیارے کا ایئرپورٹ پراترنا ناممکن نہیں، آصف زرداری
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 اکتوبر 2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی طیارے کا ایئرپورٹ پراترنا ناممکن نہیں، میرے پاس اسرائیلی طیارے سے متعلق ابھی کوئی معلومات نہیں ہیں،لیکن یہ سب ناممکن  نہیں ہے۔ انہوں نے آج یہاں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عوام سے بوجھ کم ہوگا توہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔

شہید ذوالفقاربھٹو نے شاہ فیصل سے دوستی رکھی تھی۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی۔ چین کے ساتھ ہمارے دوستانہ تعلقات ہیں پاک چین دوستی کیلئے کچھ ہمارا بھی کردار ہے۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ 30 سال سے میری کردار کشی کی جارہی ہے۔سندھ میں ایک گروپ کو سپورٹ کیا اس پر قیامت ڈھا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ان کو اصل ایشو مجھ سے ہے لیکن میرے دوستوں کو پکڑ رہے ہیں۔

ایک دوست کو میں نے فون کیا اس کوبھی اٹھا لیا گیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ ٹریڈنگ اکاؤنٹ کو جعلی کہا جارہا ہے۔ ایف آئی اے ڈیڑھ کروڑ کا کیس کیوں ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو خطرہ باہر سے نہیں اندر سے ہے۔ کوشش کروں گا کہ قوم کوسارے شکنجوں سے بچا سکوں۔ انہوں نے کہا کہ سارا جھگڑا اٹھارویں ترمیم کا ہے ۔ یہ اٹھارویں ترمیم ختم کروانا چاہتے ہیں۔

میں مان بھی جاؤں تو پنجاب ، کے پی نہیں مانے گا۔ اٹھارویں ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ پنجاب کوہوا ہے۔ موجودہ حکومت کی سوچ اور انتظامی معاملات کا طریقہ ہے اس سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف سے بھی این آر او نہیں مانگا تھا، اب میں این آراو کیوں مانگوں ؟ ابھی تومیری اسمبلی کے علاوہ عمران خان سے ملاقات بھی نہیں ہوئی۔میں نے توکیسز ویسے ہی جیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں گرفتار ہوتا رہا ہوں اگر آپ صبح اخبار میں پڑھیں کہ میں گرفتار ہوگیا ہوں توکیا کوئی نئی بات ہوگی؟ سابق صدر نے کہا کہ میں ڈکٹیٹرمشرف کے دور میں پانچ جیل میں رہا۔ یہ ڈکٹیٹر سسٹم کی ایکٹنگ کرنے والے بیڈ ایکٹنگ کررہے ہیں ، پولیس آجائے توخود بنی گالہ سے نیچے نہیں آسکتے۔ جیسا کریں گے ویسا بھریں گے۔ آصف زرداری نے کہا کہ میرے پاس طیارے سے متعلق اس طرح کی کوئی معلومات نہیں ہے۔

لیکن سب کچھ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو نہ میری ضرورت ہے اور نہ مجھے نوازشریف کی ضرورت ہے۔ مولانا فضل الرحمن اے پی سی بلانا چاہتے ہیں۔ اے پی سی میں جانے کی حامی بھری ہے۔ اگر نوازشریف اے پی سی میں آئیں گے توان سے ضرور ملاقات ہوگی۔ حکومت گرانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ہم چاہتے ہیں حکومت اپنی مدت پوری کرے، یہ لوگ حکومت کریں اور تھکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاڈلا پہلے تھا اور ایک لاڈلا اب ہے۔ نوازشریف سنتا نہیں تھا یہ سمجھتا نہیں ہے۔ میں نے کبھی لاڈلا بننے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ڈونکی کنگ فلم دیکھی نہیں لیکن سوچ رہا ہوں کہ ڈونکی کنگ فلم آج دیکھ لوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات