Live Updates

اسپیکرپنجاب اسمبلی ہاؤس میں آگ لگ گئی

آتشزدگی سے اسپیکرہاؤس میں سامان کو شدید نقصان پہنچا،چیف سکیورٹی آفیسر کی درخواست پر تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج،اسپیکر ہاؤس تاحال رانا محمد اقبال کے زیراستعمال،سابق اسپیکر کا 15لاکھ روپے کا بجلی کا بل بھی واجب الادا ہے، اسمبلی ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 28 اکتوبر 2018 18:56

اسپیکرپنجاب اسمبلی ہاؤس میں آگ لگ گئی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 اکتوبر 2018ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی ہاؤس میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی، آتشزدگی سے اسپیکر ہاؤس کو شدید نقصان پہنچا ہے، چیف سکیورٹی آفیسر کی درخواست پر تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرلیا گیا، اسپیکر ہاؤس تاحال رانا محمد اقبال کے زیراستعمال ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کی سرکاری رہائشگاہ میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی۔

جس سے اسپیکر ہاؤس کی چیزوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ آگ لگنے کے واقعے سے متعلق چیف سکیورٹی آفیسر نے اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کروا دی ہے۔ چیف سکیورٹی آفیسر پنجاب اسمبلی کی درخواست پر تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق اسپیکر ہاؤس میں دن11بج کر40 منٹ پرآگ لگنے کی اطلاع دی گئی۔

(جاری ہے)

جس پر پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیکر مقدمہ درج کرلیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی سرکاری رہائشگاہ تاحال سابق اسپیکر رانا محمد اقبال کے زیراستعمال ہے۔ الیکشن کے بعد 16 اگست کو نئے اسپیکرکا انتخاب ہوا ہے۔ لیکن اس کے باوجود تاحال سابق اسپیکر رانا محمد اقبال نے سرکاری رہائشگاہ نہیں چھوڑی۔ ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر رانا محمد اقبال کے زیراستعمال رہائشگاہ کی بجلی کا بل15لاکھ روپے واجب الادا ہے۔

تاہم سابق اسپیکر رانا محمد اقبال نے سرکاری گاڑی بھی 2 روز قبل واپس کی ہے۔ واضح رہے الیکشن 2018ء کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر حکومت بنائی۔ پی ٹی آئی نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے چودھری پرویز الٰہی کو ایوان میں منتخب کروایا۔ جس کے بعد سابق اسپیکر رانا محمد اقبال کو سرکاری رہائشگاہ کو خالی کرنا تھا۔ لیکن تاحال انہوں نے اسپیکر ہاؤس کو خالی نہیں کیا۔ بلکہ اسپیکر ہاؤس کا بجلی کا بل بھی ادا نہیں کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات